ٹھیکریوالا :حکام کی کارروائی، ساڑھے 7 من مردہ مرغیاں برآمد
مردہ مرغیوں کو تلف کر دیا گیا، رکشہ ڈرائیور محمد آصف گرفتار، مقدمہ درج
ٹھیکریوالا (نمائندہ دنیا)پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے ٹھیکریوالا میں کارروائی کرتے ہوئے مردہ مرغیوں سے لدا ایک رکشہ پکڑ لیا،مردہ مرغیوں کا وزن ساڑھے 7 من سے زائد تھا، رکشہ ڈرائیور کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی کے عاصم جاوید کی ہدایات اور ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز عمار جاوید کی سربراہی میں ایس ایف او کومل عدنان، اے ایف ایس او عائشہ امجد، سفینہ خالد اور ان کی ٹیم نے گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول چک 275 ج۔ب پینسرہ جھنگ روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے رکشہ کو روک کر اس کا معائنہ کیاتواس دوران رکشہ سے 300 کلو سے زائد مردہ مرغیاں برآمد ہوگئیں۔ فوڈ سیفٹی ٹیم نے رکشہ ڈرائیور سے مردہ مرغیوں کی ترسیل کا ریکارڈ طلب کیا تو وہ فراہم نہ کر سکا۔ ترجمان فوڈ سیفٹی ٹیم کے مطابق قوی امکان ہے یہ مردہ مرغیاں مقامی سطح پر فروخت کرنے کے لیے لائی جا رہی تھیں،ٹیم نے مقامی پولیس کی موجودگی میں مردہ مرغیوں کو تلف کر دیا۔رکشہ ڈرائیور محمد آصف کو تھانہ ٹھیکریوالا پولیس نے گرفتار کرکے قانونی کارروائی کے لیے مقدمہ درج کر لیا ہے ۔