مین ہول کورز کی چوری ، خریدو فروخت کرنیوالوں کیخلاف کارروائی
ملوث عناصر کیخلاف مقدمہ درج کروا کر قانونی کارروائی کی جائے گی:واسا حکام
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)واسا حکام کی جانب سے شہر بھر میں واسا کے مین ہول کورز کی چوری میں ملوث افراد اور اس کو خریدنے اور فروخت کرنیوالے عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا گیا ہے ۔اس حوالے سے واسا کی مجاز اتھارٹی کی جانب سے جاری حکمنامہ میں ملوث افراد کیخلاف سخت ایکشن لینے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں کہ جو شخص بھی اس گھناؤنے فعل کا مرتکب ہوا اس کے خلاف فوری مقدمہ درج کروا کر قانونی کارروائی کی جائے گی ، اس حوالے سے کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ مجاز اتھارٹی کے مطابق مین ہول کے کورز کی چوری کے باعث قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کا خدشہ ہوتا ہے اس لئے اس پر کسی صورت چشم پوشی کرنا ممکن نہیں۔ اس ضمن میں آپریشنز ڈائریکٹوریٹس افسروں اور سٹاف کو بھی خصوصی مانیٹرنگ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے متعلقہ ایریاز میں مانیٹر کریں کہ کسی جگہ مین ہول کورز غائب نہ ہوں اور کسی بھی شکایت کی صورت میں مسنگ مین ہولز کو فوری طور پر کور کروایا جائے ۔