بھاری جرمانوں پرکل پہیہ جام ہڑتال ہوگی : میاں اعجاز
ٹرانسپورٹرزہڑتال کامیاب بنائیں تاکہ حکومت کو فیصلہ واپس لینے پر مجبور کیا جاسکے
فیصل آباد(سٹی رپورٹر)رکشہ ڈرائیورز یونین اور پاسبان ہائی ایس ویگن ورکرز کے مرکزی صدر میاں اعجاز نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی جانب سے ہونے والے ہزاروں روپے کے بھاری چالان جرمانوں اور غریب ٹرانسپورٹروں کی کمر توڑ پالیسیوں کے خلاف پنجاب بھر میںکل 8 دسمبر کو تاریخی پہیہ جام ہڑتال کی جائیگی۔یہ فیصلہ پاسبان رکشہ ٹیکسی ڈرائیورز یونین پنجاب اور پاسبان ہائی ایس ویگن ورکرز ایسوسی ایشن پنجاب نے مزدا ایسوسی ایشن کے ذمہ داران کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں کیااس موقع پر رانا امجد، ناصر اعجاز جٹ، محمود عرف مودی، میاں جہانگیر، سوہنے خان، بابا کاشی۔ عمران چیمہ، حاجی حنیف موہل، علی سیدھن،نور حسین، یوسف، اسد، شاہد، شبیر، دیگر ذمہ داران موجود تھے ۔ میاں اعجاز نے کہا 8 دسمبر کو پورا پنجاب بند ہوگا گاڑیاں سڑکوں پر نہیں، گھروں میں کھڑی ہوں گی۔ حکومت عوامی تحفظ کے نام پر غریب عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈال رہی ہے ۔ لوگ روٹی کیلئے ترس رہے ہیں اور حکومت پنجاب بھاری چالانوں کی آڑ میں غریب مکاؤ پروگرام چلا رہی ہے ۔ اگر حکومت واقعی ٹریفک نظام بہتر بنانا چاہتی تو وارڈنزکو ٹریفک روانی پر لگایا جاتا ۔ انہوں نے ویگن، رکشہ اور تمام ٹرانسپورٹ برادری سے اپیل کی کہ 8 دسمبر کو پہیہ جام ہڑتال کو کامیاب بنائیں تاکہ حکومت کو ظالمانہ فیصلہ واپس لینے پر مجبور کیا جاسکے ۔