نیوٹریشن انٹرنیشنل اور پنجاب فوڈ اتھارٹی کا ایک روزہ تربیتی سیشن
وٹامن اے اور ڈی کی کمی دور کرنے کیلئے فورٹیفیکیشن مؤثر حکمت عملی ہے :مقررین
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)نیوٹریشن انٹرنیشنل نے پنجاب فوڈ اتھارٹی کے اشتراک سے فیصل آباد کے مقامی ہوٹل میں ایک روزہ تربیتی سیشن منعقد کیا۔ یہ سیشن نیوٹریشن انٹرنیشنل کے خوردنی تیل کی فورٹیفیکیشن پروگرام کے تحت ترتیب دیا گیا، جس میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کے افسران سمیت پنجاب بھر کی خوردنی تیل کی ملوں کے نمائندگان نے شرکت کی۔زونل مینجر محمد عرفان (خوردنی تیل فورٹیفیکیشن) نے شرکاء کو تربیتی سیشن کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا۔
افتتاحی سیشن کے دوران عزیزالرحمن، صوبائی پروگرام مینجر خوردنی تیل فورٹیفیکیشن نیوٹریشن انٹرنیشنل، ڈپٹی ڈائریکٹر پنجاب فوڈ اتھارٹی چنیوٹ ڈاکٹر محمد قاسم رضا ودیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خوردنی تیل کی فورٹیفیکیشن پاکستان میں وٹامن اے اور ڈی کی کمی کو دور کرنے کیلئے ایک مؤثر، ثابت شدہ اور کم لاگت حکمت عملی ہے ۔انہوں نے نیوٹریشن انٹرنیشنل کی جانب سے ملوں اور فوڈ اتھارٹی کے عملے کی تربیت اور استعداد کار بڑھانے میں فراہم کی جانے والی معاونت پر بھی روشنی ڈالی۔ڈاکٹر عمیر ارشد باجوہ نے شرکاء کو فورٹیفیکیشن، کوالٹی ایشورنس اور کوالٹی کنٹرول سے متعلق تربیت دی۔
انہوں نے زور دیا کہ عوام کو معیاری، فوٹیفائیڈ خوردنی تیل کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے کوالٹی کنٹرول کے تمام مراحل پر سختی سے عمل ضروری ہے ۔غذائی ماہر ڈاکٹر اللّہ رکھا نے خوردنی تیل کی ویلیو چین میں فوڈ سیفٹی کے چیلنجز پر تفصیلی گفتگو کی۔ انہوں نے چکنائی اور خوردنی تیل کے ریگولیٹری معیارات، ترسیلی نظام، ذخیرہ کرنے کے طریقہ کار، غذائی اجزاء کو برقرار رکھنے اور ذمہ دارانہ استعمال کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔اختتامی تقریب میں معروف سیاسی رہنما اور ڈائریکٹر رحمان انڈسٹریز میاں عرفان منان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔