کمشنر کا دورہ پیر محل، تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کا معائنہ
اجلاس کی صدارت ، سڑکوں کی مرمت وبحالی کیلئے پیکج تیار کرنے کی ہدایت
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور کا ڈویژن کی تحصیلوں کے دوروں کا سلسلہ جاری ہے ۔انہوں نے تحصیل پیر محل کا دورہ اور تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کا معائنہ کرکے مختلف وارڈز میں زیر علاج مریضوں کی عیادت کی اور انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔انہوں نے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو صفائی یقینی بنانے کے لئے وارننگ جاری اوراسسٹنٹ کمشنر کو ہسپتال میں عملہ صفائی بڑھانے کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت کی۔
کمشنر نے ہسپتال میں ڈاگ بائٹ(کتے کے کاٹنے)کے کیسز میں اضافہ پر متعلقہ یونین کونسل سیکرٹری کو معطل کردیاجبکہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ کو دیہی17 یونین کونسل میں میونسپل سروسز میں بہتری یقینی بنانے کی ہدایت کے ساتھ وارننگ بھی دی۔ انہوں نے زیر تکمیل ٹراما سنٹر31 دسمبر2025ء تک فنکشنل کرنے کے لئے ایس ڈی او بلڈنگزکو ڈیڈ لائن دیدی۔
انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر آفس میں اجلاس کی صدارت کی اور تحصیل میں سڑکوں کی مرمت وبحالی،سیوریج سسٹم کی اپ گریڈیشن کے لئے سٹی پیکج تیار کرنے کی ہدایت کی جسے آئندہ مالی سال میں شامل کراکر پیرمحل کے عوام کے لئے منصوبے مکمل کرائے جائیں گے ۔کمشنر نے سٹریٹ لائٹس میں اضافہ،گرین بیلٹس کو سرسبزوشاداب بنانے کی ضرورت پر زور دیا اورشہری وعلاقائی خوبصورتی کے منصوبے مکمل کرنے کا ٹاسک بھی تفویض کیا۔کمشنر نے پبلک پارک کا دورہ اور تفریحی سہولیات میں اضافہ کرنے کی تاکید کی اور کہا کہ پارک میں ٹک شاپ،لائبریری کا قیام عمل میں لایا جائے ۔ کمشنر نے ماڈل بازار،مسافر بس سٹینڈ کا بھی دورہ کیا۔