سڑکوں پر ریفلیکٹرز اور آگہی بورڈ غائب : دھند میں حادثات کا خدشہ

سڑکوں پر ریفلیکٹرز اور آگہی بورڈ غائب : دھند میں حادثات کا خدشہ

گزشتہ برس بھی حد نگاہ کم ہونے پر درجنوں حادثات رپورٹ ہوئے ، ایف ڈی اے اور میونسپل کارپوریشن پھر بھی خاطر خواہ اقدامات کرنے میں ناکام،نوٹس لینے کا مطالبہ

 فیصل آباد (ذوالقرنین طاہر)سردی کی شدت میں اضافہ ہوتے ہی شہر میں دھند اور سموگ نے حد نگاہ کو متاثر کرنا شروع کر دیا جبکہ آنے والے دنوں میں صورتحال مزید خراب ہونے کا خدشہ ہے تاہم سڑکوں کے کناروں پر آگہی بورڈز اور ریفلیکٹرز تاحال نصب نہ ہو سکے ، جس کے باعث ٹریفک حادثات کا امکان بڑھ گیا۔ گزشتہ برس بھی حد نگاہ کم ہونے پر درجنوں حادثات رپورٹ ہوئے تھے ، مگر اس کے باوجود ایف ڈی اے اور میونسپل کارپوریشن نے کوئی خاطر خواہ اقدامات نہیں کئے ۔ تفصیلات کے مطابق سردی بڑھتے ہی دھند اور سموگ مل کر حد نگاہ میں نمایاں کمی کر دیتے ہیں اور اس دوران حادثات بڑھ جاتے ہیں، ماہرین کے مطابق ان حادثات کی بڑی وجہ سڑکوں کے کناروں پر ریفلیکٹرز کی عدم موجودگی ہے۔ حالیہ دنوں میں بھی صبح اور رات کے اوقات میں سموگ کی وجہ سے حد نگاہ شدید متاثر ہو رہی ہے اورآئندہ دنوں میں حد نگاہ میں مزید کمی متوقع ہے۔

اس صورتحال میں گاڑی اور موٹرسائیکل سواروں کو ڈرائیونگ میں مشکلات ہوتی ہیں، خصوصاً بڑی گاڑیوں کے ڈرائیورز شدید پریشانی کا شکار رہتے ہیں۔ریفلیکٹرز اور آگہی بورڈز ڈرائیورز کے لیے واحد سہارا تصور ہوتے ہیں جو یوٹرنز، موڑ، ڈوائیڈرز اور پلوں کا بروقت پتہ دیتے ہیں مگر فیصل آباد کی بیشتر سڑکوں پر یہ سہولیات موجود نہیں، اس غفلت کے باعث صبح اور رات کے اوقات میں جان لیوا حادثات پیش آتے ہیں، جس کے نتیجہ میں قیمتی انسانی جانیں اور لاکھوں روپے مالیت کی گاڑیاں تباہ ہو جاتی ہیں لیکن متعلقہ محکمے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ایف ڈی اے اور میونسپل کارپوریشن شاید انسانی جان کی وقعت نہیں سمجھتے اور جب تک کوئی بڑا حادثہ نہ ہو اور وزیر اعلیٰ پنجاب یا وزیر اعظم نوٹس نہ لے لیں تب تک متعلقہ افسر اس مسئلے کو اہمیت دینے سے گریزاں رہتے ہیں۔شہریوں نے ڈویژنل کمشنر راجہ جہانگیر انور اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے فوری نوٹس لینے اور ریفلیکٹرز و آگہی بورڈز کی تنصیب یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں