جی سی یونیورسٹی میں یومِ تاسیس کی تقریب کاانعقاد، کیک کاٹاگیا
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر) گورنمنٹ کالج یونیورسٹی (جی سی یو) فیصل آباد میں یومِ تاسیس کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں وائس چانسلر آفس میں کیک کاٹا گیا۔ تقریب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رؤف اعظم، فیکلٹی ممبران، ڈینز، ڈائریکٹرز اور یونیورسٹی کے اولڈ ایلومینائی نے شرکت کی۔
وائس چانسلر نے کہا کہ یہ ادارہ 1897 میں ایک پرائمری سکول کے طور پر قائم ہوا اور آج تعلیم و تحقیق کے میدان میں نمایاں مقام حاصل کرتے ہوئے ایک بین الاقوامی شہرت یافتہ جامعہ بن چکا ہے ۔ ہر سال 8 دسمبر کو یومِ تاسیس کو تجدیدِ عہد کے طور پر منایا جاتا ہے ۔ جی سی یونیورسٹی فیصل آباد رینکنگ کے اعتبار سے پاکستان میں دوسرے جبکہ پنجاب بھر میں پہلے نمبر پر ہے ، جو قومی اور بین الاقوامی سطح پر اس کی کامیابیوں کا ثبوت ہے ۔وائس چانسلر نے ایلومینائی نیٹ ورک کو مزید مضبوط کرنے اور ایلومینائی انڈومنٹ فنڈ کے قیام کے حوالے سے پیش رفت کا جائزہ بھی لیا۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کے ایلومینائی نے مختلف شعبہ جات میں نمایاں خدمات سرانجام دے کر ادارے کا نام روشن کیا ہے ، اور ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے ایک خصوصی تقریب منعقد کی جائے گی۔