کمشنر کا لالیاں اور چناب نگر کا دورہ ہسپتال صفائی کا جائزہ 2 ٹھیکیداروں کو جرمانہ یوسی سیکرٹری معطل

کمشنر کا لالیاں اور چناب نگر کا دورہ ہسپتال صفائی کا جائزہ 2 ٹھیکیداروں کو جرمانہ یوسی سیکرٹری معطل

راجہ جہانگیر انور کی اسسٹنٹ کمشنر کو ہیلتھ فیسلیٹیز کے وزٹس بڑھا نے کی ہدایت ، قبرستانوں میں صفائی کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار، پارک کا دورہ ،مریم نواز اوپن لائبریری کا معائنہ ، ماڈل ریڑھی بازاروں میں بھی گئے

 فیصل آباد (خصوصی رپورٹر) کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے تحصیل لالیاں اور چناب نگر کا دورہ کیا اور تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال میں ناقص کارکردگی پر پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کے ٹھیکیدار کو 2 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا۔ لالیاں شہر میں صفائی کی ابتر صورتحال پر متعلقہ ٹھیکیدار کو بھی 2 لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا اور کتے کے کاٹنے کے بڑھتے واقعات پر متعلقہ سیکرٹری یونین کونسل کو معطل کر دیا گیا۔

اسسٹنٹ کمشنر کو ہدایت دی گئی کہ وہ ہیلتھ فیسلیٹیز کے وزٹس بڑھائیں ۔کمشنر نے الٹراساؤنڈ، ایکسرے اور دیگر طبی مشینوں کی ورکنگ حالت کا بھی جائزہ لیا۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ کو میونسپل سروسز میں اضافہ کرنے اور وارننگ دینے کی ہدایت دی گئی۔لالیاں اور چناب نگر کے قبرستانوں میں صفائی کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور کمیونٹی کی شرکت سے مینجمنٹ کمیٹیز کے قیام پر زور دیا گیا۔ لالیاں پارک کا دورہ کرتے ہوئے مریم نواز اوپن لائبریری کا معائنہ کیا گیا اور اسے فوری فعال بنانے کی ہدایت دی گئی۔ کمشنر نے پارکس میں بینچز نصب کرنے اور اخبارات، میگزین و کتابیں رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور پارکوں کی کینٹینز کو نیلام کر کے ریونیو میں اضافہ کرنے کی ہدایت دی۔اس کے علاوہ کمشنر نے چناب نگر اور لالیاں میں ماڈل ریڑھی بازاروں کا دورہ کیا اور پھل و سبزیوں کی دستیابی، معیار اور قیمتوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں