شہریوں کا ٹریفک پولیس کے غیر مہذب روئیے پر احتجاج

شہریوں کا ٹریفک پولیس کے غیر مہذب روئیے پر احتجاج

عوام میں خوف اور بے چینی پھیل رہی ہے :عوامی و سماجی نمائندے

اٹھارہ ہزاری (نمائندہ دنیا )اٹھارہ ہزاری میں ٹریفک پولیس کے غیر مہذب اور ہتک آمیز رویے پر عوامی و سماجی حلقوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ اہلکار جو قانون کی پاسداری اور رہنمائی کیلئے ذمہ دار ہیں، خود قوانین کی دھجیاں اڑا کر شہریوں کی عزت نفس مجروح کر رہے ہیں۔شہریوں اور بعض ذمہ دار افسروں کی جانب سے متعلقہ حکام کو تحریری درخواستیں جمع کرائی گئی ہیں، جن میں ٹریفک اہلکاروں کے روئیے ، اختیارات کے ناجائز استعمال اور بلاجواز ہراساں کرنے جیسے الزامات شامل ہیں۔

درخواست گزاروں کے مطابق معمولی خلاف ورزیوں پر سخت لہجہ، تضحیک آمیز الفاظ اور غیر اخلاقی رویہ معمول بن گیا ہے ، جس سے عوام میں خوف اور بے چینی پھیل رہی ہے ۔عوامی و سماجی نمائندوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس کا اصل کردار شہریوں کی رہنمائی اور قانون کی عملداری کو یقینی بنانا ہے ، لیکن بعض اہلکار خود ہیلمٹ، لین ڈسپلن اور دیگر قوانین کی پابندی نہیں کرتے ، جو قانون کی عملداری پر سوالیہ نشان ہے ۔متاثرہ شہریوں نے ڈی پی او جھنگ سمیت اعلیٰ پولیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ان شکایات کا فوری اور غیر جانبدارانہ نوٹس لیا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں