پی ٹی آئی توشہ خانہ کیس سے بے نقاب ہو چکی، عبدالمنان
پورا ٹبر پونے چار سال لوٹ مار میں مصروف رہا، ن لیگ کام کرنے پر یقین رکھتی ہے
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)سابق رکن قومی اسمبلی اور مسلم لیگ (ن) ٹریڈرز ونگ کے مرکزی صدر میاں عبدالمنان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اپنے کردار اور توشہ خانہ معاملات کے باعث خود ہی بے نقاب ہو چکی ہے ۔ یہ مقدمات مسلم لیگ (ن) نے نہیں بنائے بلکہ میاں بیوی خود سامنے آئے ، جبکہ پورا ٹبر پونے چار سال تک مبینہ لوٹ مار میں مصروف رہا۔انہوں نے کہا کہ جلاؤ گھیراؤ اور مزاحمت کی سیاست کرنے والے مفاہمت کے قابل نہیں رہے ، ایسے عناصر کے خلاف قانون کا ہاتھ ہی حرکت میں آتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جو اراکین آج پارلیمنٹ میں ہیں وہ بھی ایک بند گلی میں داخل ہو چکے ہیں اور اب ان کے پاس کوئی مؤثر آپشن باقی نہیں رہا۔میاں عبدالمنان نے کہا کہ پی ٹی آئی دھرنوں کی سیاست کرنے والی جماعت ہے ، جبکہ مسلم لیگ (ن) کام کرنے پر یقین رکھتی ہے ۔ بانی پی ٹی آئی کے پونے چار سالہ اقتدار میں ملک اور قوم کی بہتری کے لیے کوئی قابلِ ذکر منصوبہ سامنے نہیں آیا، جبکہ وزیراعظم میاں شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے دو برس کے مختصر عرصے میں متحرک ہو کر عملی اقدامات کے ذریعے ملک اور عوام کو مشکلات سے نکالا۔