منشیات کا خاتمہ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے :ماہرِین نفسیات
نشہ کرنے والوں کے علاج کیلئے مؤثر علاج کے مواقع فراہم کرنا ہو نگے :ڈاکٹر صدف
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)منشیات کے ناسور کو اجتماعی کوششوں سے ختم کر کے ہی ایک محفوظ اور پائیدار معاشرہ تشکیل دیا جا سکتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے شعبہ دیہی عمرانیات اور اینٹی نارکوٹکس فورس کے اشتراک سے منعقدہ آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔معروف ماہرِ نفسیات ڈاکٹر امتیاز ڈوگر نے کہا کہ منشیات کا استعمال نہ صرف فرد کی زندگی کو تباہ کرتا ہے بلکہ اس کی ساکھ اور خاندان کی عزت کو بھی شدید نقصان پہنچاتا ہے ، اس لیے اس لعنت کے خاتمے کے لیے اجتماعی اقدامات ناگزیر ہیں۔چیئرمین شعبہ سوشیالوجی ڈاکٹر صدف محمود نے کہا کہ منشیات کے عادی افراد کے لیے مؤثر علاج اور بحالی کے مواقع فراہم کرنا ہوں گے۔
تاکہ وہ اس ناسور سے نجات پا کر معاشرے کے فعال اور کارآمد شہری بن سکیں۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر اینٹی نارکوٹکس فورس محمد نواز نے کہا کہ محکمہ اینٹی نارکوٹکس فورس منشیات کے خاتمے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر رہا ہے اور تعلیمی اداروں کے ساتھ آگاہی مہم کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے ۔ڈاکٹر نعیمہ نواز نے کہا کہ انسداد منشیات کے لیے تعلیم، صحت اور دیگر سماجی شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانا وقت کی اہم ضرورت ہے ، جبکہ ڈاکٹر عاطف نے کہا کہ منشیات کے شکار افراد کو اس لعنت سے نجات دلانا ہم سب کی مشترکہ سماجی ذمہ داری ہے ۔سیمینار کے اختتام پر منشیات کے خلاف آگاہی واک کا بھی اہتمام کیا گیا۔