واسا کے مسیحی ملازمین کیلئے کرسمس تقریب ، کیک کاٹا گیا

واسا کے مسیحی ملازمین کیلئے کرسمس تقریب ، کیک کاٹا گیا

فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)منیجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا نے سی بی اے یونین واسا کے صدر میاں مقصود احمد اور دیگر عہدیداروں کے ہمراہ کرسمس کی خوشیوں میں شرکت کی اور ملازمین کے ساتھ کرسمس کا کیک کاٹا۔اس موقع پر ثاقب رضا نے کہا کہ مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے ملازمین واسا کے لیے قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کی خوشیوں میں شامل ہونا ان کے لیے باعث اعزاز ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی ہدایت کے مطابق تمام مسیحی ملازمین کوتنخواہوں کی ادائیگی کر دی گئی ہے اور ملازمین کے مسائل کے حل کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہیں۔سی بی اے واسا یونین کے صدر میاں مقصود احمد نے کہا کہ ایم ڈی واسا کی قیادت میں آج ملازمین کی خوشیوں میں شریک ہونے کا موقع ملا اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ تمام مسیحی ملازمین کے جائز مسائل کے حل کے لیے ایم ڈی نے مکمل یقین دہانی کروائی، جس پر ملازمین شکر گزار ہیں۔کیک کٹنگ تقریب میں چیئرمین زاہد مسیح، جنرل سیکرٹری طارق یعقوب، ڈپٹی جنرل سیکرٹری عامر رحمت، میاں تیمور ریاض، شبیر گل، عاشر سونی، عرفان مسیح، بابا الیاس، جارج مسیح، فاروق مسیح اور دیگر نے بھی شرکت کی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں