رجانہ: آوارہ کتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد شہریوں کیلئے خطرہ

 رجانہ: آوارہ کتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد شہریوں کیلئے خطرہ

رجانہ (نمائندہ دنیا)شہر بھر میں آوارہ کتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد نے شہریوں کی زندگی متاثر کرنا شروع کر دی ہے ۔ مختلف علاقوں میں آوارہ کتوں کے غول دن رات سڑکوں پر موجود رہتے ہیں، جس کے باعث خاص طور پر موٹر سائیکل سواروں کو اچانک ٹکراؤ یا حادثات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔

علاقہ مکینوں کے مطابق سکول جانے والے بچے ، بزرگ شہری، خواتین اور راہگیر شدید خوف میں مبتلا ہیں اور کئی مقامات پر لوگ اکیلے گزرنے سے گریز کرنے لگے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ صورتحال نہ صرف ٹریفک حادثات بلکہ ممکنہ کاٹنے کے واقعات کا سبب بھی بن سکتی ہے ، جس سے عوامی تحفظ کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔شہری حلقوں نے متعلقہ انتظامیہ اور بلدیاتی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری نوٹس لیتے ہوئے مؤثر، پائیدار اور انسانی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں، تاکہ آوارہ کتوں کے مسئلے کا مستقل حل نکالا جا سکے اور عوام بلا خوف و خطر سفر کر سکیں۔ شہریوں نے کہا کہ بروقت کارروائی سے کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکتا ہے اور شہر میں امن و امان کی فضا بحال کی جا سکتی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں