روزنامہ دنیا کی خبر پرحکام کا ایکشن کھرڑیانوالہ سے تجاوزات کا خاتمہ
بلوچنی (نمائندہ دنیا )روزنامہ دنیا کی خبر پر ایکشن کھرڑیانوالہ سے تجاوزات کا خاتمہ کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق کھرڑیانوالہ چوک، مین بازار جھمرہ روڈ ،سلپ روڈ پر عرصہ دراز سے ریڑھیوں چھابڑیوں ،سٹالوں، باربی کیو کاؤنٹرز ،کار سٹینڈز اور رکشہ سٹینڈز نے غیر قانونی طور پر سڑکوں کو بلاک کر رکھا تھا۔
جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا تھا۔ روزنامہ دنیا کی خبرپر اے سی جڑانوالہ نے چیف آفیسر میونسپل کمیٹی اشتیاق گوندل، ڈی ایس پی ٹریفک کاشف گل اور پیرا فورس انچارج زوار حسین کے ہمراہ کامیاب آپریشن کر کے ناجائز تجاوزات کا خاتمہ کر دیا، دکانداروں کو بھاری جرمانے اور ایف ائی آرز درج کی گئیں۔ عوامی وسماجی حلقوں نے حکام کو خراج تحسین پیش کیا ہے ۔