ریکارڈ پیش نہ کرنے پر سب انسپکٹر کیخلاف مقدمہ درج
چنیوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )چنیوٹ میں ریکارڈ پیش نہ کرنے پر سب انسپکٹر کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ۔
ذرائع کے مطابق، آر پی او فیصل آباد سہیل اختر سکھیرا کے حکم پر ڈی پی او چنیوٹ ڈاکٹر نوید عاطف نے سب انسپکٹر ندیم کے خلاف سخت ایکشن لیتے ہوئے مقدمہ درج کروایا۔ ترجمان پولیس کے مطابق، بار بار طلب کرنے کے باوجود متعلقہ ریکارڈ پنجاب پراسیکیوشن آفس لاہور پیش نہ کرنے پر سب انسپکٹر کے خلاف یہ قانونی کارروائی کی گئی۔آر پی او فیصل آباد سہیل اختر سکھیرا کا کہنا تھا کہ پولیس افسرسرکاری امور کی انجام دہی میں شفافیت اور جوابدہی کو یقینی بنائیں، غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ قانون سے بالاتر کوئی نہیں اور محکمہ میں احتساب کا عمل بلا امتیاز جاری رہے گا۔