میڈیکل یونیورسٹیوں،ہسپتالوں میں ڈیجیٹل ادائیگی نظام نافذ ہو گا
فیصل آباد (نیوز رپورٹر)وزیراعظم پاکستان کے وژن ‘‘ڈیجیٹل پاکستان’’ کے تحت محکمہ صحت پنجاب کی جانب سے ایک اہم پیشرفت سامنے آئی ہے ،
جس کے مطابق فیصل آباد سمیت صوبہ بھر کی میڈیکل ایجوکیشن یونیورسٹیوں اور ہسپتالوں میں ادویات اور دیگر طبی سامان کی خرید و فروخت سمیت ہر قسم کے معاشی لین دین کیلئے ڈیجیٹل سسٹم نافذ کیا جائے گا۔اس حوالے سے ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے صوبہ بھر کے 85 طبی تعلیمی اداروں کو باضابطہ مراسلات جاری کر دئیے ہیں۔ چیف سیکرٹری پنجاب کی جانب سے جاری کردہ مراسلے کے مطابق یہ فیصلہ سٹیٹ بینک آف پاکستان کی خصوصی درخواست پر ڈیجیٹل سسٹم کے فروغ کے لیے کیا گیا ہے ، جو حکومت پاکستان کا ایک اہم اور احسن اقدام قرار دیا جا رہا ہے ۔مراسلے میں صوبہ بھر کے تمام میڈیکل تعلیمی اداروں اور ہسپتالوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ مالی لین دین کے لیے ‘‘راست کیو آر کوڈ’’ کو ترجیح دی جائے ، جس میں کیش کے استعمال کی اجازت نہیں ہوگی۔ ‘‘راست کیو آر کوڈ’’ کے ذریعے لین دین کے نظام کی منظوری گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے پہلے ہی دی جا چکی ہے ۔