آبادی 241.5 ملین ، 2050 تک 400 ملین تک پہنچنے کا خدشہ
بڑھتی آ بادی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے سنگین چیلنجز پیدا کر رہی: ڈاکٹر ذوالفقار
فیصل آباد (نیوز رپورٹر)ملک کی آبادی 241.5 ملین سے تجاوز کر چکی ہے اور موجودہ سالانہ شرحِ نمو 2.55 فیصد کے مطابق 2030 تک آبادی 300 ملین جبکہ 2050 تک 400 ملین کے قریب پہنچنے کا امکان ہے ، جو زندگی کے معیار اور بڑھتی ہوئی آبادی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے سنگین چیلنجز پیدا کر رہا ہے ۔ان خیالات کا اظہار زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی کی ہدایت پر شعبہ دیہی عمرانیات کے زیرِ اہتمام منعقدہ آبادی کے مسائل پر آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر نائمہ نواز نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کمیونٹی سطح پر آگاہی، رویوں میں مثبت تبدیلی، تولیدی صحت کی خدمات تک رسائی اور باخبر فیصلے مستقبل کی نسلوں کے لیے ایک صحت مند اور متوازن معاشرے کی تشکیل کے لیے ناگزیر ہیں۔ انہوں نے آبادی میں اضافے کو کنٹرول کرنے کیلئے تعلیم، بالخصوص خواتین کی تعلیم کی اہمیت پر زور دیا۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر طیبہ اعظم نے کہا کہ آبادی میں تیزی سے اضافہ صحت، تعلیم، روزگار اور قدرتی وسائل پر براہِ راست اثر انداز ہو رہا ہے ۔ انہوں نے پائیدار ترقی کے حصول کے لیے آگاہی، خاندانی منصوبہ بندی کی سہولیات، خواتین کو بااختیار بنانے اور نوجوانوں کی شمولیت کو کلیدی حکمتِ عملی قرار دیا۔