چنیوٹ پولیس اور گولڈن کیسل ریسٹورنٹ کے درمیان ایم او یو
پولیس اہلکاروں اور ان کی فیملیز کی ویلفیئر کے لیے اقدامات جاری :ڈاکٹر نوید عاطف
چنیوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے وژن کے مطابق پولیس اہلکاروں اور ان کی فیملیز کی ویلفیئر کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں چنیوٹ پولیس کی خصوصی کاوش سے پولیس افسران اور جوانوں کو اپنی فیملیز اور بچوں کے ساتھ خوشیاں منانے اور تفریح کے مواقع فراہم کرنے کے لیے اہم اقدام کیا گیا ہے ۔چنیوٹ پولیس اور گولڈن کیسل ریسٹورنٹ چنیوٹ کے درمیان باقاعدہ مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط ہو گئے ۔ اس حوالے سے ڈی پی او آفس میں منعقدہ تقریب میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چنیوٹ ڈاکٹر نوید عاطف اور گولڈن کیسل ریسٹورنٹ کی انتظامیہ نے شرکت کی۔
ایم او یو کے تحت پولیس اہلکاروں کی فیملیز اور بچوں کے لیے فری پلے ایریا فراہم کیا جائے گا، جبکہ پولیس اہلکاروں کے لیے برتھ ڈے ، اینیورسری، فیملی اور دیگر ایونٹس کی فری ڈیکوریشن کی سہولت بھی دی جائے گی۔ اس کے علاوہ پولیس اہلکاروں کو گولڈن کیسل ریسٹورنٹ کے مینیو پر 20 فیصد ڈسکاؤنٹ فراہم کیا جائے گا۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈاکٹر نوید عاطف نے کہا کہ پولیس فورس کی ویلفیئر، بچوں کی بہتر تعلیم اور تفریح کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔