جڑانوالہ:رشید پارک میں سیوریج کی بدترین صورتحال

جڑانوالہ:رشید پارک میں سیوریج کی بدترین صورتحال

ابلتے گٹر، گندے پانی کے تالاب اور بھینسیں انتظامیہ کی غفلت کا واضح ثبوت

جڑانوالہ (نمائندہ دنیا )جڑانوالہ کے باسی نظر انداز ہو گئے ہیں، جہاں رشید پارک اور اسماعیل آباد کی بیک سائیڈ میں رہنے والے شہری بنیادی سہولیات سے محروم ہیں اور زندگی شدید مشکلات کا شکار ہے ۔ان علاقوں میں گندگی کے ڈھیر، ابلتے گٹر، گندے پانی کے تالاب اور کھلے پلاٹوں میں بندھی بھینسیں انتظامیہ کی غفلت کا واضح ثبوت ہیں۔ ناقص سیوریج نظام کے باعث گندا پانی گلیوں اور سڑکوں پر کھڑا رہتا ہے، جس سے نہ صرف آمدورفت متاثر ہو رہی ہے بلکہ شدید تعفن اور مچھروں کی افزائش نے بچوں، بزرگوں اور خواتین کو بیماریوں کے خطرے سے دوچار کر دیا ہے۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ بارہا شکایات کے باوجود کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی گئی۔ کھلے پلاٹوں میں مویشی باندھنے کا سلسلہ بھی ماحول کو مزید آلودہ کر رہا ہے ، جبکہ شہر کو خوبصورت بنانے کے دعوے کرنے والے اداروں کی نظریں ان پسماندہ علاقوں سے مسلسل اوجھل ہیں۔شہریوں نے متعلقہ انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ عملی دورے کریں، سیوریج نظام کی بحالی کریں، گندگی کے ڈھیر ختم کریں اور غیر قانونی مویشیوں کے خلاف کارروائی کریں تاکہ وہ بھی باعزت اور صحت مند زندگی گزار سکیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں