اسٹامپ پیپرز کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف شدید ردعمل
قیمتیں بڑھانا عوام سے حقِ انصاف چھیننے کے مترادف :اسلامک لائرز موومنٹ
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)اسلامک لائرز موومنٹ کے رہنماؤں محمد احمد کھارا ایڈووکیٹ، ملک ہارون مصطفی ایڈووکیٹ اور رانا تنزیل الرحمن نے صوبائی حکومت کی جانب سے سٹامپ پیپرز کی فیسوں میں اضافہ تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا مہنگائی کے دورمیںسٹامپ پیپرز کی قیمتوں میں اضافہ سائلین اور غریب طبقے کے ساتھ ظلم کے مترادف ہے۔ اس اقدام سے نہ صرف غریب اور متوسط طبقے کیلئے انصاف کے دروازے بند ہوں گے بلکہ عوام سے ان کا حقِ انصاف چھیننے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔رہنماؤں نے کہا روزمرہ قانونی و انتظامی امور کے لیے ضروری دستاویزات کو مہنگا کرنا عوام کو بنیادی حقوق کے حصول سے محروم کرنے کے مترادف ہے ۔عوام دشمن فیصلے کے باعث ڈومیسائل، نکاح، طلاق، ملازمت، تعلیمی داخلے ، بجلی و گیس کنکشن اور دیگر ضروری معاملات میں شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔