شاپنگ مالز، پلازوں ،عمارتوں میں فائر سیفٹی انتظامات کی چیکنگ
کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کا یونیورسٹی روڈ پر واقع نجی شاپنگ مال کا اچانک معائنہ خلاف ورزی کرنے والی عمارات کے خلاف کارروائی ہوگی،شوکت علی
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کی روشنی میں سرگودھا ڈویژن میں قائم تمام شاپنگ مالز، کمرشل پلازہ جات اور سرکاری و نجی عمارات میں فائر سیفٹی انتظامات کا سخت آڈٹ جاری ہے ۔ اسی سلسلے میں کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی نے ڈپٹی کمشنر سرگودھا کیپٹن (ر) محمد وسیم کے ہمراہ یونیورسٹی روڈ پر واقع نجی شاپنگ مال (مال آف سرگودھا) کا اچانک دورہ کیا۔ کمشنر نے مال میں موجود فائر سیفٹی آلات، ایمرجنسی ایگزٹس، فائر الارم سسٹم اور دیگر حفاظتی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ریسکیو 1122 کی ٹیم بھی اس موقع پر موجود تھی، کمشنر سرگودھا حافظ شوکت علی نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف عوام کے جان و مال کے تحفظ کو اولین ترجیح دے رہی ہیں اور انہی ہدایات کے تحت ڈویژن بھر میں فائر سیفٹی قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ فائر سیفٹی میں غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والی عمارات کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔