ریلوے پھاٹک گارڈز سے محروم حادثات کا خدشہ
شہر میں پھاٹکوں پر کوئی چوکیدار یا اہلکار موجود نہیں، یومیہ سینکڑوں موٹرسائیکل،رکشہ سوار، پیدل چلنے والوں کا گزرہوتا، شہریوں کی زندگی داؤپرلگ گئی موٹرسائیکل سوار اکثر ٹرین کے بالکل قریب کھڑے ہوتے ہیں جو سانحہ کا سبب بن سکتا ہے ، سائن ، بورڈ نہ الارم سسٹم نصب،محکمہ حل فراہم کرنے میں ناکام
ملتان (خصوصی رپورٹر) ریلوے کے پھاٹک پر سکیورٹی کے مؤثر انتظامات نہ ہونے کے باعث کسی بھی وقت بڑے حادثے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے ۔ پھاٹک پر چوکیدار یا اہلکار تعینات نہیں ہے ، جس کے باعث شہریوں کی جانیں شدید خطرے میں پڑ گئی ہیں۔ذرائع کے مطابق ان پھاٹکوں پر روزانہ سینکڑوں موٹرسائیکل سوار، رکشوں اور پیدل چلنے والوں کا گزرہوتا ہے ، تاہم حفاظتی اقدامات کی عدم موجودگی کے باعث شہری اپنی مدد آپ کے تحت ریلوے ٹریک عبور کرنے پر مجبور ہیں۔ حیران کن امر یہ ہے کہ بعض موٹرسائیکل سوار ٹرین کے گزرنے کے دوران نہایت قریب کھڑے ہو جاتے ہیں یا چلتی ٹرین کے ساتھ ساتھ کھڑے رہتے ہیں، جو کسی بھی لمحے جان لیوا حادثے کا سبب بن سکتا ہے ۔مقامی افراد کا کہنا ہے کہ پھاٹک پر نہ انتباہی سائن بورڈز موجود ہیں اور نہ ہی کوئی الارم سسٹم نصب ہے ، جس کے باعث ٹرین کی آمد کا بروقت اندازہ نہیں ہو پاتا۔ ماضی میں بھی یہاں کئی بار حادثات رونما ہو چکے ہیں، تاہم متعلقہ محکمے کی جانب سے تاحال کوئی مستقل حل فراہم نہیں کیا گیا۔شہریوں نے ریلوے انتظامیہ اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر، تربیت یافتہ چوکیدار، وارننگ سسٹم اور واضح سائن بورڈز نصب کئے جائیں۔مقامی افراد نے ریلوے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ مسئلہ فوری حل طلب ہے اس کی جانب توجہ دی جائے۔