منڈیوں سے باہر زرعی اجناس کی فروخت پر پابندی
منڈی کے احاطے کے باہر زرعی اجناس کی خرید و فروخت غیر قانونی، مارکیٹ کمیٹیوں کو خصوصی کریک ڈاؤن کرنے کاحکم،کارروائی کی پیشرفت رپورٹ 7 دن میں طلب
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) حکومت کی جانب سے سرگودھا سمیت ریجن بھر میں منظور شدہ منڈیوں کی حدو د سے باہر زرعی اجناس کی فروخت پر سختی سے پابندی عائد کرتے ہوئے مارکیٹ کمیٹیوں کو خصوصی کریک ڈاؤن کے احکامات جاری کر دیئے ،ذرئع کے مطابق ڈائریکٹر ایگریکلچر مارکیٹنگ ڈویلپمنٹ فنڈپنجاب کی جانب سے ضلعی افسران کو جاری ہدایت نامہ میں کہا گا ہے کہ پنجاب ایگریکلچر مارکیٹنگ ریگولیٹری اتھارٹی کو مختلف شکایات موصول ہوئی ہیں کہ لوگوں کی بڑی تعداد منظور شدہ زرعی اجناس کی منڈیوں کے احاطے کے باہر مختلف مقامات پر زرعی اجناس کی خرید و فروخت کا کاروبار کر رہی ہے ،جبکہ پنجاب مارکیٹ کمیٹیوں کے ضوابط 2021 کی شق 48 واضح طور پر فراہم کرتی ہے کہ\\\"جہاں اتھارٹی کی منظوری سے منڈی قائم کی گئی ہو، وہاں زرعی اجناس کی تمام خرید و فروخت اور لین دین منڈی کے احاطے کے اندر کی جائے گی۔\\\"جبکہ منظور شدہ منڈی کے احاطے کے باہر زرعی اجناس کی خرید و فروخت کرنا غیر قانونی ہے اور PAMRA ایکٹ 2018 اور اس کے تحت بنائے گئے ضوابط کی خلاف ورزی ہے لہٰذامارکیٹ کمیٹی افسران کو ہدایت کی جاتی ہے کہ پنجاب مارکیٹ کمیٹیوں کے ضوابط 2021 کی شق 48 پر ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے مکمل عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ مزید برآں، خلاف ورزیوں کے خلاف قانون کے مطابق مناسب قانونی کارروائی کریں اور کی گئی کارروائی کی پیش رفت رپورٹ 7 دن کے اندر لازمی طور پر بھجوائی جائے ۔