’’پارک اپنائیں‘‘ مہم پر عملدرآمد کا آغاز کر دیا گیا
ڈی گراؤنڈ میں واقع پارک کو ‘‘سکون ویلنس پارک’’ میں تبدیل کرنے کا جائزہ
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت ڈویژنل انتظامیہ کی تحریک پر ‘‘پارک اپنائیں’’ (Adopt the Park) مہم پر عملدرآمد کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ اس سلسلے میں چھوٹی ڈی گراؤنڈ میں واقع پارک کو اسٹیٹ آف دی آرٹ ‘‘سکون ویلنس پارک’’ میں تبدیل کرنے کے اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور کی صدارت میں منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ آصف چوہان نے منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن تنویر مرتضیٰ، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن ملک مرتضیٰ، ایم ڈی ہارٹیکلچر ایجنسی دلاور خان اور دیگر متعلقہ افسر بھی موجود تھے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ایک نجی کمپنی پارک کی ڈویلپمنٹ کرے گی، جبکہ صفائی اور انفراسٹرکچر سے متعلق کاموں میں ضلعی انتظامیہ معاونت فراہم کرے گی۔ پارک میں مختلف حصے قائم کیے جائیں گے، جبکہ عوام کے لیے داخلہ مکمل طور پر مفت ہوگا۔ پارک کی ملکیت ہارٹیکلچر ایجنسی کے پاس رہے گی۔کمشنر فیصل آباد نے ہارٹیکلچر ایجنسی کو نجی کمپنی کے ساتھ مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کا ڈرافٹ تیار کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ گٹ پارک اور سوساں روڈ کی گرین بیلٹ کو بھی اسی طرز پر پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت جدید سہولیات سے آراستہ کیا جائے گا۔کمشنر نے کہا کہ ابتدائی مرحلے میں فیصل آباد ڈویژن میں 100 چھوٹے بڑے پارکوں کی دیکھ بھال کے لیے ‘‘پارک اپنائیں’’ مہم کے تحت کام کیا جا رہا ہے ۔