بھوانہ:ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی کا عمل جاری
انچارج قاسم دلیمر کے مختلف یونین کونسلز کے دورے ، کوڑا منتقلی کے احکامات
بھوانہ (نمائندہ دنیا )ستھرا پنجاب پروگرام پر عملدرآمد تیزی سے جاری ہے ، اس سلسلے میں انچارج ستھرا پنجاب بھوانہ قاسم دلیمر نے مختلف یونین کونسلز کے دورے کیے اور ان مقامات پر جاری صفائی کے عمل کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔قاسم دلیمر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملحقہ علاقوں میں کوڑا کرکٹ کی فوری منتقلی کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
بعد ازاں انہوں نے بھوانہ جھنگ چنیوٹ روڈ پر سڑکوں کی مکینیکل واشنگ کے عمل کا مشاہدہ کیا اور مشینوں کے ذریعے سڑکوں کی دھلائی کے کام کو سراہا۔انہوں نے ہدایت کی کہ مین شاہراہوں کے ساتھ ساتھ اندرونی گلیوں کی صفائی پر بھی بھرپور توجہ دی جائے ۔ ستھرا پنجاب ٹیموں کے سپروائزر کو سخت ہدایات جاری کی گئیں کہ شہر بھر میں صفائی کے نظام کو مثالی بنایا جائے اور کسی بھی جگہ گندگی کے ڈھیر نظر نہ آئیں۔قاسم دلیمر نے واضح کیا کہ غفلت برتنے والے عملے کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ شہریوں کو صاف اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے ۔