33 مرکزی و اندرونی سڑکوں کی مرمت و بحالی کی منظوری
بلاتاخیر تعمیراتی کام شروع کر کے تیز رفتار عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق ڈویژنل انتظامیہ نے دوسرے مرحلے میں شہر کی مزید 33 مرکزی اور اندرونی سڑکوں و گلیوں کی مرمت و بحالی کے لیے گرین سگنل دے دیا ہے ، جس سے شہریوں کو معیاری، آرام دہ اور سہل سفری سہولیات میسر آئیں گی۔شہر کی سڑکوں کی کارپٹ مرمت و بحالی کے لیے 80 کروڑ روپے کی لاگت سے ورک ایوارڈ جاری کر دیے گئے ہیں اور فنڈز بھی مہیا کر دیے گئے ہیں، جس پر بلاتاخیر تعمیراتی کام شروع کر کے تیز رفتار عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔کمشنر فیصل آباد/ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن راجہ جہانگیر انور نے کہا کہ شہر بھر میں ٹوٹ پھوٹ کا شکار سڑکوں کی مرحلہ وار مرمت و بحالی کی جا رہی ہے ، جس سے آمدورفت میں نمایاں بہتری آئے گی۔ انہوں نے سڑکوں کے تعمیراتی کاموں میں شفافیت، معیار اور مقررہ مدت میں تکمیل کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔