حسین آباد، بند نالے سے پانی گلیوں میں جمع، شہری پریشان
رنگ روڈ کے ساتھ نیا نالہ بنا تھا، ٹھیکیدار کام ادھورا چھوڑ کر فرار ہو گیا تھا
پینسرہ (نمائندہ دنیا )چک نمبر 245 ر ب عباس پور کی آبادی حسین آباد میں نکاسی آب کے لیے بنایا گیا مین نالہ بند ہونے کے باعث گندہ پانی گلیوں اور راستوں میں جمع ہو چکا ہے ، جس سے شہریوں کی روزمرہ زندگی شدید متاثر ہو رہی ہے ۔حال ہی میں تعمیر کیے گئے رنگ روڈ کے ساتھ نیا نالہ بنا تھا، تاہم ٹھیکیدار کی مبینہ غفلت کے باعث نالہ ادھورا رہ گیا اور ٹھیکیدار فرار ہو گیا۔ اس کے علاوہ سابقہ خستہ حال نالہ بھی طویل عرصے سے صفائی نہ ہونے کے باعث بند ہے ، جس کے نتیجے میں گندہ پانی اوور فلو ہو کر ملحقہ گلیوں میں جمع ہو رہا ہے۔
علاقہ مکینوں کے مطابق گندے پانی کی وجہ سے آمدورفت شدید متاثر ہے ، جبکہ تعفن، مچھروں اور بیماریوں کے پھیلاؤ کا خطرہ بھی بڑھ گیا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ متعدد بار متعلقہ اداروں کو شکایات کی جا چکی ہیں، مگر تاحال کوئی عملی اقدام نہیں کیا گیا۔اہل علاقہ نے صدر اور ڈپٹی کمشنر فیصل آباد سے مطالبہ کیا ہے کہ رنگ روڈ کے اطراف واقع حسین آباد کے مین نالے پر قائم تجاوزات کو فوری طور پر ہٹایا جائے ، نالے کی صفائی اور بحالی کو یقینی بنایا جائے اور نکاسی آب کا نظام فوری فعال کیا جائے تاکہ شہری اس گندگی اور تعفن کے عذاب سے نجات حاصل کر سکیں۔