لوڈ مینجمنٹ پلان ناکام ،گیس بحران برقرار

لوڈ  مینجمنٹ  پلان  ناکام ،گیس  بحران  برقرار

موسم سرما کی آمد کے بعد سے گیس لوڈشیڈنگ اور پریشر میں کمی کا معاملہ گمبھیرہوگیا، عوام مہنگائی کے حالات میں بازار سے ناشتہ خرید کرتھک گئے گیس نہ آنے کے باوجود 3 ہزار کا بل آجاتا ہے ،گھریلو صارفین کا شکوہ، شہری مہنگی ایل پی جی استعمال کرنے پر مجبور ،حکومت سے نوٹس کامطالبہ

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)لوڈ مینجمنٹ پلان مرتب کیے جانے کے باوجود شہر قائد میں گیس کا بحران برقرار ہے ،تعطیل کے روز بھی گیس پریشر کی کمی کا سلسلہ جاری رہا۔ گیس پریشر میں کمی سے گھریلو خواتین، پکوان ہاؤس،دودھ فروشوں،مٹھائی اور کنفیکشنری بنانے والوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ گیس بحران سے متاثرہ علاقوں میں پی آئی بی کالونی، ڈی ایچ اے ،گزری، لانڈھی ،سعود آباد، اولڈ سٹی ایریا، صدر،پی ای سی ایچ ایس،اورنگی،گلشن معمار، کورنگی ،نارتھ کراچی ،ملیر،ماڈل کالونی،گلشن اقبال، نارتھ ناظم آباد،ناظم آباد، سرجانی ٹائون، لیاقت آباد، شاہ فیصل کالونی، ناتھا خان گوٹھ، گڈاپ، کاٹھور، لائنز ایریا،سٹی ریلوے کیمپ، سلطان آباد اور دیگر شامل ہیں۔گیس پریشر میں کمی کی وجہ سے گھریلو صارفین بالخصوص انتہائی متاثر ہیں، عوام مہنگائی کے حالات میں بازار سے روزانہ ناشتے کا سامان خرید خرید کرتھک گئے ہیں۔ شہریوں کے مطابق گیس نہ آنے کے باوجود 3 ہزار کا بل آجاتا ہے اس سے بہتر تو مہنگی ایل پی جی ہے کھانا تو بن جاتا ہے ۔

گیس بلوں کے ستائے شہریوں نے ایل پی جی استعمال کرنا شروع کر دی ہے ،ایل پی جی سرکاری قیمت سے 40 روپے مہنگی فروخت ہو رہی ہے ،مختلف علاقوں میں 280 سے 290 روپے کلو میں ملتی ہے ،ایل پی جی کی سرکاری قیمت 251 روپے کلو ہے ۔شہریوں کو کہنا ہے کہ مارکیٹ میں مہنگی ایل پی جی کی فروخت حکومت کی نا اہلی ہے ،صبح اٹھنے کے ساتھ ہی گیس پانی سمیت ہر طرح کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ،ایک دیہاڑی دار 300 کی ایل پی جی ڈلوائے گا تو باقی اخراجات کیسے پورے ہوں گے ۔ شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ایس ایس جی سی کے اس رویہ کے خلاف فوری ایکشن لیتے ہوئے کارروائی عمل میں لائی جائے ۔گیس کی لوڈ شیڈنگ رات 9:30 بجے سے صبح 6 بجے اور دوپہر 2:30 سے شام 5 بجے تک ہوتی ہے ، لیکن شہر کے بیشتر علاقوں میں یا تو زیادہ تر دن کے اوقات میں گیس غائب رہتی ہے ، یا بہت کم پریشر کے ساتھ گیس میسر ہوتی ہے ۔مختلف علاقوں کے رہائشیوں کا خیال ہے کہ موسم سرما کی آمد کے بعد سے گیس کا بحران شدت اختیار کر گیا ہے ۔سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) کے ذرائع نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ شہر بھر میں گیس ڈسٹری بیوشن کا خستہ حال انفرا اسٹرکچر بھی بحران کی ایک بڑی وجہ ہے اور کم پریشر بنیادی طور پر ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک میں لیکیج کی وجہ سے ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں