پنجاب گروپ آف کالجز کے زیر اہتمام سالانہ سائنسی نمائش
کیمیا، حیاتیات، فزکس ، کمپیوٹر سائنس، اے آئی ، روبوٹکس کے ماڈل پیش کئے پنجاب کالج ایف بلاک کی حیاتیات کے شعبے میں اول ،آبپارہ کی دوسری پوزیشن مہمان خصوصی حنیف عباسی کا کالج انتظامیہ کو خراج تحسین ،انعامات تقسیم کئے
راولپنڈی (نیوز رپورٹر) پنجاب گروپ آف کالجز راولپنڈی،اسلام آباد کے زیرِ اہتمام سالانہ سائنسی نمائش پنجاب کالج فار انفارمیشن ٹیکنالوجی میں منعقد ہوئی، میزبانی پنجاب کالج فار ویمن راولپنڈی نے کی۔ تقریب کے آغاز پر پرنسپل پروفیسر حرا ریاض اور پرنسپل پروفیسر احسن فاروق نے معزز مہمانوں، جیوری کے اراکین، والدین اور معلمین کو خوش آمدید کہا۔ افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی وزیر برائے ریلوے حنیف عباسی نے ملک کی تعمیر و ترقی میں سائنس اور جدید تعلیم کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور پنجاب کالجز کے طلبہ و طالبات کی سائنسی کاوشوں کو سراہا۔
انہوں نے پنجاب گروپ آف کالجز کو تعلیم کے میدان میں گراں قدر خدمات سر انجام دینے پر خراجِ تحسین پیش کیا۔معروف صنعتکار عامر وحید شیخ بھی تقریب میں شریک تھے ۔ ڈائریکٹر پنجاب گروپ آف کالجز چودھری اکرم نے مہمانِ خصوصی اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور مہمانوں کو یادگاری شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔نمائش میں مختلف کیمپسز کے طلبہ و طالبات نے کیمیا، حیاتیات، طبعیات، کمپیوٹر سائنس، آرٹیفیشل انٹیلی جنس ، روبوٹکس اور آرٹ اینڈ کلچر کے شعبوں میں شاندار سائنسی ماڈلز پیش کیے ، پنجاب کالج فار وومن ایف بلاک نے حیاتیات اور طبعیات کے شعبے میں اول پوزیشن حاصل کی۔ دوسری دو پوزیشنز آب پارہ کیمپس اور ہل ہاؤس کیمپس کے حصے میں آئیں۔
کمیسٹری کے شعبے میں پہلی قائد کیمپس جب کہ دوسری پوزیشن ویسٹریج کیمپس نے حاصل کی۔ کمپیوٹر کے شعبے میں پہلی پوزیشن بھارہ کہو اور دوسری ویسٹریج کیمپس نے حاصل کی۔پوسٹر کیٹگری میں پہلی پوزیشن یونیورسٹی آف سینٹرل پنجاب راولپنڈی، دوسری پوزیشن بھارہ کوہ کیمپس، روبوٹکس کیٹگری میں پہلی پوزیشن ڈی نائن کیمپس راولپنڈی جبکہ آرٹ ورک کیٹگری کا فاتح کینٹ کیمپس کو قرار دیا گیا۔یو سی پی سکستھ روڈ کونوبل کارنر ونر اور ہل ہاؤس کیمپس کو انوویشن برلینس ایوارڈ سے نوازا گیا۔اختتامی تقریب کی مہمانِ خصوصی پارلیمانی سیکرٹری اسماء ناز عباسی تھیں۔ انہوں نے اپنے طلبہ و طالبات کے سائنسی ماڈلز اور تخلیقی صلاحیتوں کو غیر معمولی خراج تحسین پیش کیا۔ آخر میں شرکا میں انعامات تقسیم کئے گئے ۔