جھنگ : میگا سیوریج پراجیکٹ، شہری سہولیات پر عملدرآمد تیز

جھنگ : میگا سیوریج پراجیکٹ، شہری سہولیات پر عملدرآمد تیز

کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر نے علی آباد میں زیر تعمیر ڈسپوزل سٹیشن کا دورہ کیا

جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات پر تحصیل جھنگ میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت پونے 5 ارب روپے کی لاگت سے واسا کے زیراہتمام سیوریج کی اپ گریڈیشن اور بحالی کے میگا پراجیکٹ پر تیز رفتار عملدرآمد جاری ہے، جس سے شہر کی ساڑھے 6 لاکھ سے زائد آبادی اور 3 لاکھ گھروں کے دیرینہ مسائل حل ہوں گے۔

کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے علی آباد میں زیر تعمیر ڈسپوزل سٹیشن کا دورہ کیا اور منصوبے کے مختلف حصوں کا جائزہ لیتے ہوئے واسا کے اقدامات کو سراہا۔ ایم ڈی واسا نے بتایا کہ شہر کے 400 کلومیٹر سیوریج نیٹ ورک کی بحالی اس منصوبے میں شامل ہے، اور مشینری کے ذریعے مون سون سے قبل ڈی سلٹنگ مکمل کی جائے گی۔اسی دوران تحصیل جھنگ سیٹلائٹ ٹاؤن میں 30 کنال رقبہ پر محیط مریم نواز شریف فیملی پارک شہریوں کے لیے کھول دیا گیا، جس میں اوپن جمخانہ، جھولے، جوگنگ ٹریک، فوارے، گزیبو اور رات کے وقت جگمگاتی لائٹس جیسی سہولیات شامل ہیں۔

کمشنر نے مرکزی قبرستان میں صفائی، چاردیواری اور لائٹنگ کا جائزہ لیا اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کا دورہ بھی کیا، جہاں بیڈز کی تعداد میں اضافہ اور مریضوں کو بلا تعطل علاج معالجہ فراہم کرنے کے اقدامات کا مشاہدہ کیا۔مزید برآں، مین بھکر روڈ سے کچا ملتان لنک روڈ کی کارپٹ تعمیر کا افتتاح بھی کیا گیا، اور تحصیلوں میں ہفتہ وار دوروں کے ذریعے شہریوں کو معیاری میونسپل سروسز فراہم کرنے کا عمل جاری ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں