صوبے کی ترقی کیلئے مضبوط بلدیاتی نظام ناگزیر : ہمایوں اختر
اضلاع کو بااختیار بنانے کے لیے مالی وسائل نچلی سطح تک منتقل کرنا ہو نگے
تاندلیانوالہ (نمائندہ دنیا )سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے حلقہ این اے 97 میں عوامی ملاقاتیں کیں اور سیاسی سرگرمیوں کا آغاز کیا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کی ترقی کے لیے مضبوط بلدیاتی نظام ناگزیر ہے اور اضلاع کو بااختیار بنانے کے لیے مالی وسائل نچلی سطح تک منتقل کرنا ہوں گے۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف لانے کے لیے کھیلوں کے میدان آباد کیے جائیں گے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ان کے لیے عہدہ اہم نہیں بلکہ عوامی خدمت ان کی سیاست کی اصل ترجیح ہے ۔ کسان اور نوجوان ان کی اولین ترجیح ہیں، کیونکہ ان کے بغیر ترقی ممکن نہیں۔اس موقع پر ہمایوں اختر خان نے کسانوں، سماجی شخصیات اور علاقہ عمائدین سے ملاقاتیں کیں اور فٹ بال ٹورنامنٹ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ علاوہ ازیں، انہوں نے مختلف افراد کے گھر جا کر عزیز و اقارب کے انتقال پر تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔