جڑانوالہ:نہر کنارے پارک اور چڑیا گھر غفلت کا شکار

جڑانوالہ:نہر کنارے پارک اور چڑیا گھر غفلت کا شکار

دیکھ بھال نہ ہونے کی وجہ سے جھولے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گئے ، سبزہ زار اجڑ گیا

جڑانوالہ (نمائندہ دنیا)جڑانوالہ میں نہر کنارے قائم اکلوتا عوامی پارک اور چھوٹا چڑیا گھر انتظامیہ کی غفلت اور عدم توجہی کے باعث کھنڈر میں تبدیل ہو گیا ہے ۔یہ پارک سابقہ دور میں تحصیل ناظم میجر (ر) عبدالرحمن کی کاوشوں سے شہریوں کو تفریحی سہولیات فراہم کرنے کیلئے تعمیر کیا گیا تھا، جس میں بچوں کے لیے جھولے ، سبزہ زار اور چھوٹا چڑیا گھر بھی موجود تھا۔

مقامی شہریوں کے مطابق وقت گزرنے کے ساتھ دیکھ بھال نہ ہونے کی وجہ سے جھولے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گئے، سبزہ زار اجڑ گیا اور چڑیا گھر کے پنجرے اور دیگر سہولیات بھی تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہیں۔ صفائی ستھرائی کے فقدان کی وجہ سے شہری پارک کا رخ کرنا چھوڑ چکے ہیں۔شہریوں اور سماجی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر فیصل آباد سے مطالبہ کیا ہے کہ پارک اور چڑیا گھر کی بحالی کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں، جھولوں اور تفریحی سامان کی مرمت، سبزہ کاری اور صفائی کے مؤثر انتظامات یقینی بنائے جائیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ توجہ اور مناسب فنڈز سے اس پارک کو دوبارہ آباد کیا جا سکتا ہے تاکہ بچے اور خاندان صحت مند تفریح سے لطف اندوز ہو سکیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں