تعلیم صرف ڈگری نہیں ، شعور، کردار سازی ہے،روبینہ خالد
فارورڈ سسٹم آف ایجوکیشن کی پلاٹینم جوبلی کی تقریب، بطور مہمان خصوصی شرکت
پشاور (دنیا رپورٹ) فارورڈ سسٹم آف ایجوکیشن کی 75سالہ تعلیمی خدمات کی تکمیل کے موقع پرنشتر ہال پشاور میں پلاٹینم جوبلی کی تقریب ہوئی ۔ مہمانِ خصوصی چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد تھیں۔ چھوٹے بچوں نے انکا پرجوش استقبال کیا، پھول پیش کیے ، تقریب میں ادارے کے بانی کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ روبینہ خالد نے فارورڈ سسٹم آف ایجوکیشن کی تعلیمی خدمات اور طویل جدوجہد کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے تعلیمی ادارے قوم کا قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں جو نسلوں کی فکری و اخلاقی تربیت میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تعلیم صرف ڈگری حاصل کرنے کا نام نہیں بلکہ یہ شعور، کردار سازی اور معاشرتی ذمہ داریوں کا احساس پیدا کرنے کا ذریعہ ہے ۔ انہو ں نے بی آئی ایس پی کے اغراض و مقاصد سے بھی آگاہ کیا اور بتایا کہ یہ پروگرام ملک بھر میں ایک کروڑ سے زائد خواتین کی معاشی خودمختاری، مالی شمولیت اور سماجی تحفظ کے فروغ کے لیے کام کر رہا ہے ۔