غیر قانونی تعمیرات کے خلاف زیرو ٹالرنس، ناصر حسین شاہ
قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر بلاامتیاز کارروائی جاری ہے ،صوبائی وزیر بلدیات رئیل اسٹیٹ سیکٹر کو ڈیجیٹلائز اور شفاف بنارہے ہیں ،پروپٹیک کنونشن سے خطاب
کراچی(اسٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ پروپٹیک کنونشن رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں پالیسی سازی، جدید ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاری کو یکجا کرنے والا ایک مؤثر اور قابلِ اعتماد پلیٹ فارم بن چکا ہے جو پاکستان خصوصاً سندھ میں جدید اور پائیدار رئیل اسٹیٹ ایکو سسٹم کے قیام میں اہم کردار ادا کر رہا ہے ۔ایکسپو سینٹر میں منعقدہ چھٹے پروپٹیک کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ سندھ حکومت غیر قانونی تعمیرات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے ،قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں ٹیکسیشن نظام، دستاویزی عمل اور کمپلائنس کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے جس سے شفافیت میں اضافہ ہوگا اور سرمایہ کاروں کا اعتماد مزید مستحکم ہوگا۔ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ رہائشی اور کمرشل منصوبوں میں معیار، اعتماد اور طویل مدتی ویلیو کو بنیادی اصول بنایا جا رہا ہے کیونکہ پائیدار شہری ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ شہری منصوبہ بندی کیلئے حکومت، بلڈرز ، ڈیولپرز اور رئیل اسٹیٹ سیکٹر کے درمیان مضبوط شراکت داری ناگزیر ہے ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ سندھ حکومت ریگولیٹری اصلاحات کے ساتھ ٹیکنالوجی پر مبنی رئیل اسٹیٹ سسٹمز، ، شفاف مانیٹرنگ اور آن لائن منظوریوں کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے ۔