کورنگی کازوے منصوبہ پر96فیصد فزیکل پیشرفت مکمل

کورنگی  کازوے  منصوبہ  پر96فیصد  فزیکل  پیشرفت  مکمل

تکمیل کی ٹائم لائن جون 2026 سے پہلے کی ہے ،آنے والے ہفتوں میں عوام کے لیے کھول دیا جائے گا، ایم سی سی کی رپورٹمحکمہ پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ کی مانیٹرنگ ٹیم کا دورہ،تمام ٹیسٹ بین الاقوامی معیار کے مطابق کرائے جائیں،وزیراعلیٰ کی ہدایت

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایت پر محکمہ پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ کی مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن ٹیم نے کورنگی کاز وے برج پروجیکٹ کا تفصیلی معائنہ کیا۔ معیار، شفافیت اور پبلک انفرااسٹرکچر اسکیم کی بروقت تکمیل صوبائی حکومت کے عزم کا اعادہ کرتی ہے ۔ڈائریکٹر جنرل الطاف حسین ساریو کی زیر قیادت ٹیم میں انجینئر اورنگزیب وسسٹرو (آر ایم ای او کراچی)اور انجینئر عمران میمن بھی موجود تھے ۔ کورنگی کاز وے پل 6,135.146 ملین روپے کی منظور شدہ لاگت سے زیر تعمیر ہے ۔ مانیٹرنگ ٹیم نے انجینئرجنید صدیقی ، انجینئر کامران اور انجینئر منہاج الدین نصری پر مشتمل ٹیم کے ساتھ مل کر تعمیراتی پیشرفت اورکام کے معیارات کا جائزہ لیا۔پائیدار مٹیریل کی جانچ کے لیے شمٹ ہیمر کے ذریعے نان ڈسٹرکٹیو ٹیسٹنگ سمیت کوالٹی کے معیار کی جانچ بھی کی گئی۔ پل کی لمبائی، چوڑائی،وسط اور فٹ پاتھ کی مجموعی پیمائش 1.4 کلومیٹر ہے ۔ایم ای سی کی رپورٹ کے مطابق منصوبہ پر 96 فیصد فزیکل پیشرفت مکمل ہوچکی ہے جبکہ 78 فیصد مالیاتی اخراجات صرف کیے جاچکے ہیں۔

منصوبے کی تکمیل کی ٹائم لائن جون 2026 سے پہلے کی ہے البتہ یہ پل تقریباً مکمل ہو چکا ہے اور آنے والے ہفتوں میں عوام کے استعمال کے لیے کھول دیا جائے گا، اس کے ساتھ دیگر معمولی نوعیت کے کاموں کو تین ہفتوں کے اندر مکمل کیا جائے گا۔کنسلٹنٹس نے مانیٹرنگ ٹیم کو تفصیلی خاکہ اور ٹیسٹنگ نظام پیش کیا۔کام مجموعی طورپر تسلی بخش ہے۔ تاہم MEC کی ٹیم نے چند معمولی مسائل کو اجاگر کیا اور عمل درآمد کرنے والی ایجنسی کو فوری طور پر ان خامیوں کو دور کرنے کی ہدایت کی۔ جن میں پشتوں کی حفاظت کے لیے پتھروں کی بھرائی ،فرش کے نشانات کی اصلاح، جوائنٹ پر اسفالٹ انڈوللیشن کی بہتری ، انجینئرنگ مہارت اور حفاظتی بہتری کے لیے سائن پوسٹنگ کی تکمیل شامل ہے ۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اس بات پر زور دیا کہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں میں معیار پر کوئی سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا، تمام ٹیسٹ بین الاقوامی معیار کے مطابق کرائے جائیں۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ کورنگی کاز وے پل کراچی کے اہم منصوبوں میں سے ایک ہے اور یہ شہری رابطوں اور شہریوں کے نقل و حمل میں نمایاں بہتری لائے گا۔وزیراعلیٰ سندھ نے مزید زور دیا کہ انجینئرنگ مہارت، عوامی تحفظ اور بروقت تکمیل اولین ترجیحات ہیں۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں کسی قسم کی غفلت ناقابل قبول ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں