وسائل کی کمی نہیں، اصل مسئلہ نااہلی و کرپشن، منعم ظفر
حکومتی کارکردگی بے نقاب،کئی خاندان تاحال اپنے پیاروں کی لاشوں کے منتظرسانحہ گل پلازہ میں شہید چار افرادکی نماز جنازہ میں شرکت،میڈیا سے گفتگو
کراچی(این این آئی)امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفرخان نے گزشتہ روز آتشزدگی کا شکار گل پلازہ میں ایک ہی گھر کے شہید ہونے والے 6 افراد میں سے چار کی شناخت کے بعد دہلی کالونی عید گاہ گراؤنڈ میں نماز جنازہ میں شرکت کی۔بعد ازاں منعم ظفر خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت گزشتہ 18برس سے اقتدار میں ہے ، بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور تمام متعلقہ ادارے انہی کے ماتحت ہیں۔ ان کے پاس وسائل کی کمی نہیں، اصل مسئلہ نااہلی، بدانتظامی اور کرپشن ہے ۔ اگر حکمرانوں میں عوام کو تحفظ دینے کی نیت اور ارادہ موجود نہیں ہوگا تو ایسے سانحات بار بار ہوتے رہیں گے ۔منعم ظفرنے کہا کہ گل پلازہ سانحہ نے سندھ حکومت اور متعلقہ اداروں کی کارکردگی کو بے نقاب کر دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کراچی کے شہریوں کو جینے کا حق دلانے کے لیے یکم فروری کو شارع فیصل پر عظیم الشان ‘‘جینے دو کراچی کو’’مارچ کرے گی۔ کراچی کے عوام بڑی تعداد میں نکلیں گے اور ظالم حکمرانوں سے اپنے بنیادی حق کے حصول کا مطالبہ کریں گے ۔جماعت اسلامی عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی،متاثرہ خاندانوں کے زخموں پر مرہم رکھ رہے ہیں اور ہر سطح پر ان کے حقوق کیلئے آواز بلند کرینگے ۔منعم ظفرنے کہاکہ ہم آج چار شہداء کے جنازے اٹھا رہے ہیں، لیکن 9دن گزرنے کے باوجود کئی خاندان آج بھی اپنے پیاروں کی لاشوں یا باقیات کے منتظر ہیں۔یہ صورتحال کراچی کے ساتھ بدترین ظلم ہے ۔