آٹے کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ حکومتی نااہلی،کاشف شیخ

 آٹے کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ حکومتی نااہلی،کاشف شیخ

خورونوش کی قیمتوں کو کنٹرول ،ذخیراندوزمافیاکو قانون کی پکڑمیں لایا جائےفرسودہ نظام کی تبدیلی وکرپٹ قیادت سے نجات ہی مسائل کا حل ہے ، بیان

کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی سندھ کاشف سعید شیخ نے سندھ سمیت ملک بھر میں آٹے کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ پراظہار تشویش اوراسے حکومتی نااہلی اورمعاشی ترقی کے دعویدارشہباز شریف حکومت کے منہ پرطمانچہ قراردیا ہے ۔انہوں نے بیان میں کہاکہ حکومتی سرپرستی میں آٹا مافیانے عوام کا زندہ رہنا بھی مشکل بنادیا ہے۔ عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ہے ۔کاشتکاروں سے 2000روپے من خریدی گئی مگرمیڈیا رپورٹس کے مطابق حکومتی نااہلی کی وجہ سے ملک کے بعض شہروں میں آج20کلو آٹے کا تھیلا تین ہزار تک پہنچ گیا۔ پٹرول سے لیکر آٹے تک حکومت غریب کاشتکاروں اورعام آدمی کو کسی قسم کا ریلیف دینے کی بجائے آٹا مافیا وسرمایہ داروں کو دے رہی ہے کیونکہ حکومت میں وہی جاگیردار،وڈیرے اورسرمایہ دار بیٹھے ہیں۔ان کی پارٹیاں اورجھنڈے ضرور الگ الگ ہوتے ہیں لیکن چوربازاری سے لے کرمفادپرستانہ سیاست تک اندر سے ایک ہوتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ دستاویز کے مطابق پاکستان کو موجودہ مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں 280 ارب روپے زیادہ بیرونی قرضہ حاصل ہواا ۔پی آئی اے سمیت ملک کے قومی ادارے فروخت کئے جارہے ہیں ۔اس لیے فرسودہ نظام کی تبدیلی وکرپٹ قیادت سے نجات ہی مسائل کا حل ہے ۔انہوں نے زوردیا کہ آٹے سمیت خورونوش کی قیمتوں کو کنٹرول ،ذخیراندوزمافیاکو قانون کی پکڑمیں لایا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں