17سال سے مطلوب اشتہاری کو دبئی سے گرفتار کر لیا
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)سی پی او آفس کی ریڈ نوٹس سیل ٹیم نے 17 سال سے دہشتگردی کے مقدمہ میں مطلوب اشتہاری ملزم کو انٹرپول کے ذریعے گرفتار کر لیا ہے ۔
ملزم شاہد محمود نے سال 2009 میں تھانہ ساہیانوالہ کی حدود میں سابقہ مقدمہ بازی کی رنجش پر اپنے مخالف کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا اور اندھا دھند فائرنگ سے پورے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا تھا۔ اس واقعہ کا مقدمہ تھانہ ساہیانوالہ میں مقدمہ نمبر 514/09 درج کیا گیا تھا۔قتل کی واردات کے بعد ملزم بیرونِ ملک فرار ہو گیا تھا، جس کی گرفتاری کے لیے پولیس کی جانب سے خصوصی ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی تھیں۔ تاہم طویل عرصے تک ملزم قانون کی گرفت سے بچتا رہا۔بعدازاں ریڈ نوٹس سیل کے انچارج عاصم ذوالفقار اور نائب ریڈ نوٹس سیل کانسٹیبل سجاد سرور کی کاوشوں سے انٹرپول پولیس کے ذریعے اشتہاری ملزم شاہد محمود کو دبئی سے گرفتار کر کے فیصل آباد منتقل کر لیا گیا۔گرفتار اشتہاری ملزم کے سر کی قیمت دو لاکھ روپے مقرر تھی، اور اس کی گرفتاری پولیس کیلئے ایک بڑا چیلنج بنی ہوئی تھی۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کے خلاف مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے ۔