جی بی،مفت سولر سکیم ، شفاف ڈیجیٹل قرعہ اندازی کا باضابطہ آغاز
منصوبے کے تحت 58 میگاواٹ کے سولر پینلز فراہم کئے جائیں گے ، نگران وزیر اعلیٰ
اسلام آباد (دنیا رپورٹ )نگران وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان جسٹس (ر) یار محمد نے وزیر اعظم کی جانب سے شروع کی گئی مفت سولر سکیم برائے گلگت بلتستان کے پہلے مرحلے کے تحت ضلع گلگت کے درخواست دہندگان کیلئے شفاف ڈیجیٹل قرعہ اندازی کا باضابطہ آغاز کر دیا۔اس سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سکیم ایک تاریخی اور انقلابی اقدام ہے جو خطے میں توانائی کے دیرینہ مسائل کے حل میں سنگ میل ثابت ہوگا۔ حکومت شفافیت، میرٹ اور مساوی مواقع کی پالیسی پر کاربند ہے ، اسی لئے درخواست دہندگان کے انتخاب کیلئے جدید ڈیجیٹل قرعہ اندازی کا طریقہ کار اختیار کیا گیا ہے تاکہ ہر مستحق فرد تک اس منصوبے کے ثمرات بلا امتیاز پہنچ سکیں۔ منصوبے کے تحت مجموعی طور پر 58 میگاواٹ کے سولر پینلز فراہم کئے جائیں گے ، جن میں سے 40 میگاواٹ گھریلو صارفین جبکہ 18میگاواٹ چھوٹے کاروباروں اور آئی ٹی سے منسلک کاروباری اداروں کیلئے مختص کئے گئے ہیں۔