میٹروول میں پمپس ہاؤس کا باقاعدہ افتتاح

میٹروول میں پمپس ہاؤس کا باقاعدہ افتتاح

پانی کی ترسیل کا نظام مزید موثر اور مستحکم ہوگا،بیرسٹرمرتضیٰ وہاب ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد جاری ہے ،میئر کی گفتگو

کراچی(اسٹاف رپورٹر)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے میٹروول میں حبیب بینک پمپس ہاؤس کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب میں رکنِ صوبائی اسمبلی علی احمد جان، پارلیمانی لیڈر کے ایم سی کرم اللہ وقاصی، ٹاؤن چیئرمین علی اکبر سمیت دیگر اعلیٰ حکام اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر میئر کراچی نے کہا کہ حبیب بینک پمپس ہاؤس سے علاقے میں پانی کی فراہمی میں نمایاں بہتری آئے گی، شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ حبیب بینک سے میٹروول پمپنگ اسٹیشن تک 10 انچ قطر کی نئی پانی کی لائن بچھا دی گئی ہے ، جس کے ذریعے پانی کی ترسیل کا نظام مزید مؤثر اور مستحکم ہوگا۔

اس نئی لائن کے باعث میٹروول کے پانچوں سیکٹرز میں پانی کی دستیابی میں نمایاں اضافہ متوقع ہے ، جس سے ہزاروں مکین مستفید ہوں گے ۔ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ پمپس ہاؤس کی بدولت نہ صرف پانی کی ترسیل میں بہتری آئے گی بلکہ نظام کی مجموعی کارکردگی بھی بہتر ہوگی، جس سے پانی کی فراہمی میں تعطل کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ شہری مسائل کے پائیدار حل کی جانب ایک اہم قدم ہے ۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کراچی کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے لیے ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد جاری ہے اور شہری سہولیات میں بہتری کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں