شہری مہنگی ایل پی جی خریدنے پر مجبور
گیس سمیت ہر طرح کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ،ایک دیہاڑی دار 400 کی ایل پی جی ڈلوائے گا تو باقی اخراجات کیسے پورے ہوں گے ،شہری موسم گرما کی آمد کے باوجود گیس کا بحران شدت اختیار کر گیا، عوام مہنگائی کے حالات میں بازار سے روزانہ ناشتے کا سامان خرید خرید کرتھک گئے
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)گیس نہیں آرہی مگر بل وقت پر آرہا ہے گیس بندش سے ستائے کراچی کے شہری مہنگی ایل پی جی خریدنے پر مجبور ہوگئے ۔ شہر قائد میں گیس بندش کے ستائے شہریوں نے ایل پی جی استعمال کرنا شروع کر دی ہے ، شہریوں کے مطابق گیس نہ آنے کے باوجود 3 ہزار کا بل آجاتا ہے اس سے بہتر تو مہنگی ایل پی جی ہے کھانا تو بن جاتا ہے ۔ ایل پی جی سرکاری قیمت سے 60 روپے مہنگی فروخت ہو رہی ہے ،مختلف علاقوں میں 380 سے 390 روپے کلو میں ملتی ہے ،ایل پی جی کی سرکاری قیمت فی کلو اس سے کئی کم ہے۔ شہریوں کو کہنا ہے کہ مارکیٹ میں مہنگی ایل پی جی کی فروخت حکومت کی نا اہلی ہے ،صبح اٹھنے کے ساتھ ہی گیس پانی سمیت ہر طرح کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ،ایک دیہاڑی دار 400 کی ایل پی جی ڈلوائے گا تو باقی اخراجات کیسے پورے ہوں گے ۔ دوسری جانب گیس لوڈ شیڈنگ کے باعث گیس پریشر کی کمی کا سلسلہ جاری رہا۔ گیس کی بندش سے گھریلو خواتین، پکوان ہاؤس،دودھ فروشوں،مٹھائی اور کنفیکشنری بنانے والوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
گیس لوڈ شیڈنگ سے متاثرہ علاقوں میں پی آئی بی کالونی ، ڈی ایچ اے ،گزری، لانڈھی ،سعود آباد، اولڈ سٹی ایریا، صدر،پی ای سی ایچ ایس،اورنگی،گلشن معمار،کورنگی ،نارتھ کراچی ،ملیر،ماڈل کالونی،گلشن اقبال،نارتھ ناظم آباد،ناظم آباد، سرجانی ٹائون،لیاقت آباد، شاہ فیصل کالونی، گڈاپ، کاٹھور، لائنز ایریا،سٹی ریلوے کیمپ،سلطان آباد اور دیگر شامل ہیں۔گیس بندش کی وجہ سے عوام انتہائی متاثر ہے ، عوام مہنگائی کے حالات میں بازار سے روزانہ ناشتے کا سامان خرید خرید کرتھک گئے ہیں۔شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ایس ایس جی سی کے اس رویہ کے خلاف فوری ایکشن لیتے ہوئے کارروائی عمل میں لائی جائے ۔گیس کی لوڈ شیڈنگ رات 9:30 بجے سے صبح 6 بجے اور دوپہر 2:30 سے شام 5 بجے تک ہوتی ہے ، لیکن شہر کے بیشتر علاقوں میں یا تو زیادہ تر دن کے اوقات میں گیس غائب رہتی ہے ، یا بہت کم پریشر کے ساتھ گیس میسر ہوتی ہے ۔مختلف علاقوں کے رہائشیوں کا خیال ہے کہ موسم سرما کی آمد کے بعد سے گیس کا بحران شدت اختیار کر گیا ہے ۔سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) کے ذرائع نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ شہر بھر میں گیس ڈسٹری بیوشن کا خستہ حال انفرا اسٹرکچر بھی بحران کی ایک بڑی وجہ ہے اور کم پریشر بنیادی طور پر ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک میں لیکیج کی وجہ سے ہے۔