رش والے مقامات پر ڈیوٹی کے دورانیہ بڑھانے کا فیصلہ
حادثے پر ٹریفک انچارج خود جائے وقوعہ پر پہنچیں اور وجوہات کا تعین کر کے کم کرنے کیلئے اقدامات کریں، آر پی او
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ریجنل پولیس آفیسر محمد شہزاد آصف خان کی جانب سے ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے رش والے مقامات پر گشت اور ڈیوٹی کے دورانیے میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اس حوالے سے انہوں نے ہدایت جاری کی ہے کہ کسی بھی مہلک حادثے کی صورت میں متعلقہ ٹریفک انچارج خود جائے وقوعہ پر پہنچیں اور حادثات کی وجوہات کا تعین کر کے انہیں کم کرنے کے لیے فوری اقدامات کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کے سلسلے میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ ا
جلاس میں ریجن کے چاروں اضلاع کے ڈی پی اوز، ایس پی آر آئی بی، ایس پی آپریشنز سیف سٹی، آر او پنجاب ہائی وے پٹرول اور اسپیشل برانچ کے علاوہ محکمہ ہائی وے ، ٹرانسپورٹ اور ریسکیو 1122 کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران شہری اور دیہی علاقوں میں ہونے والے ٹریفک حادثات کا تقابلی جائزہ لیا گیا، جس کی روشنی میں ٹریفک پولیس اور پنجاب ہائی وے پٹرولنگ پولیس کو اپنے اپنے حدود میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔ آر پی او سرگودھا کا کہنا تھا کہ گاڑیوں کی تعداد میں اضافے کی وجہ سے سڑکوں پر دباؤ بڑھا ہے ، تاہم بہتر حکمت عملی سے ٹریفک کی روانی برقرار رکھی جا سکتی ہے ۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ مہلک حادثات کا سبب بننے والی اور بار بار قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کے مالکان کے خلاف تعزیراتِ پاکستان کے تحت سخت قانونی کارروائی کی جائے ۔ اس کے علاوہ، جہاں ترقیاتی منصوبے جاری ہیں، وہاں ٹریفک جام سے بچنے کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر متبادل انتظامات یقینی بنائے جائیں۔