سیوریج سے بنے تالابوں کو فوری خشک کرنے کے احکامات
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے واسا کو شہری علاقوں میں سیوریج کے پانی سے بننے والے تالابوں کا جامع سروے کر کے انہیں فوری طور پر خشک کرنے کے احکامات جاری کر دئیے ہیں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ ڈی واٹرنگ سیٹس سمیت دیگر مشینری نصب کر کے ایسے تمام تالابوں کو کلیئر کیا جائے ۔کمشنر فیصل آباد نے نڑوالا روڈ پر اچکیرہ کے مقام پر 72 انچ ٹرنک سیور لائن بچھانے کے جاری کاموں کا معائنہ بھی کیا۔ اس موقع پر انہوں نے پراجیکٹ کے اطراف حفاظتی دیوار قائم کرنے کے اقدامات کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ تعمیراتی کاموں کے دوران حفاظتی انتظامات کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے اور ڈیوٹی سٹاف کی موجودگی لازمی ہو۔ کمشنر کا کہنا تھا کہ اس ٹرنک سیور کی تکمیل سے اردگرد کی بڑی آبادیوں کو درپیش سیوریج مسائل حل ہوں گے ۔کمشنر نے نڑوالا روڈ پر سیوریج کے پانی سے بننے والے تالاب پر نصب ڈی واٹرنگ سیٹ کا بھی مشاہدہ کیا، جہاں تالاب سے پانی خشک کرنے کا عمل جاری تھا۔اس موقع پر ایم ڈی واسا ثاقب رضا اور دیگر متعلقہ افسر بھی کمشنر کے ہمراہ تھے ۔