فیول کی کمی پولیس گشت متاثر جرائم میں اضافہ
ضلعی پولیس کو 2سال سے شدید مالی مشکلات کا سامنا ،بعض پولیس افسر تھانوں میں کام کیلئے آ نے والوں سے نذرانے وصول کر رہے ، جرائم پیشہ عناصر متحرک
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)ذرائع کے مطابق فیصل آباد میں ضلعی پولیس کو گزشتہ دو سال سے زائد عرصے سے مالی مشکلات کا سامنا ہے ، جس کے نتیجے میں پولیس کے مختلف کام متاثر ہو رہے ہیں۔ تھانہ جات اور چوکیوں کے علاقوں میں پولیس پٹرولنگ اور گشت کے لیے سرکاری گاڑیوں کو روزانہ کی بنیاد پر ملنے والا سرکاری فیول بھی مبینہ طور پر گزشتہ عرصے سے بند ہے ۔ذرائع نے انکشاف کیا کہ گزشتہ دو سال سے زائد عرصے سے پولیس گاڑیوں کو فیول نہ ملنے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بعض پولیس افسران اور ملازمین مبینہ طور پر فیول کی مد میں تھانوں اور چوکیوں میں مختلف کام کے سلسلے میں آنے والے سائلین سے بھاری مالیت کے نذرانے وصول کر رہے ہیں۔ مختلف مقدمات کے ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس افسران اور ملازمین فیول نہ ہونے کا بہانہ بنا کر مقدمہ کے مدعیان سے بھاری مالیت کے نذرانے وصول کرنے لگے ہیں۔
ذرائع کے مطابق پولیس تھانہ جات اور چوکیوں میں تعینات افسران اور ملازمین فیول کی قلت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سائلین سے پیسے بٹور کر اپنی جیبیں بھرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ان کے مطابق پولیس موبائلز کو یومیہ تقریباً پانچ لٹر فیول فراہم کیا جاتا ہے ، جو تھانہ جات اور چوکیوں کے علاقوں میں گشت اور جرائم پیشہ عناصر کی گرفتاری کے لیے ناکافی ہے ۔پولیس گشت اور پٹرولنگ متاثر ہونے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے جرائم پیشہ عناصر بھی متحرک ہو گئے ہیں، جس کے نتیجے میں جرائم کی وارداتوں میں اضافہ ہوا ہے ۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ پولیس کو درپیش مالی مسائل کا فوری خاتمہ کیا جائے اور فیول کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ، تاکہ نہ صرف بے ضابطگیوں کا سلسلہ رکے بلکہ سائلین کو درپیش مسائل بھی کم ہوں۔