جمعیت اہلحدیث کی طرف سے خودکش دھماکے کی مذمت

جمعیت اہلحدیث کی طرف سے خودکش دھماکے کی مذمت

فتنتہ الخوارج کے دہشت گرد کسی رعایت کے مستحق نہیں:علامہ عبدالرشید

فیصل آباد (سٹی رپورٹر)مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے ناظم اعلیٰ علامہ عبدالرشید حجازی اور خالد محمود اعظم آبادی نے اسلام آباد کے علاقے ترلائی کلاں میں امام بارگاہ سے ملحق مسجد خدیجۃ الکبریٰ میں جمعۃ المبارک کے اجتماع کے دوران ہونے والے خودکش دھماکے کی شدید مذمت کی ہے ، جس میں 70 سے زائد افراد شہید اور 150 کے قریب زخمی ہوئے ۔انہوں نے اس افسوسناک سانحے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ فتنتہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ خودکش حملہ آور نہ تو مسلمان کہلانے کے لائق ہیں اور نہ ہی انسان، انہیں نشانِ عبرت بنایا جانا چاہیے۔

علامہ عبدالرشید حجازی نے کہا کہ اس دکھ کی گھڑی میں مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے اور دعاگو ہے کہ اللہ تعالیٰ شہداء کی مغفرت فرمائے اور زخمیوں کو جلد صحت یابی عطا کرے ۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور انتہاپسندی نے ملک و قوم کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچایا ہے ۔ مساجد، مدارس اور امام بارگاہوں کو نشانہ بنانے والے عناصر ہمسایہ ممالک کی آشیر باد سے پاکستان کو کمزور کرنے کی گھناؤنی سازشوں میں مصروف ہیں، جن کا کسی دین یا مذہب سے کوئی تعلق نہیں۔ یہ درندگی کی بدترین مثال ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں