زرعی یونیورسٹی، ازبکستان سدرن ریسرچ انسٹی ٹیوٹ میں معاہدہ
انٹرنیشنل سینٹر فار ایگریکلچر اینڈ فوڈ سکیورٹی قائم کیا جائے گا، ، معاہدے پر دستخط
فیصل آباد (نیوز رپورٹر)زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اور جمہوریہ ازبکستان کے سدرن ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف ایگریکلچر کے مابین تعلیمی، تحقیقی اور سائنسی تعاون کے فروغ کے لیے معاہدہ تعاون پر دستخط کیے گئے ہیں۔معاہدے کے مطابق زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اور سدرن ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف ایگریکلچر کے اشتراک سے انٹرنیشنل سینٹر فار ایگریکلچر اینڈ فوڈ سکیورٹی قائم کیا جائے گا، جس کا مقصد زراعت اور غذائی نظام کو درپیش ابھرتے ہوئے چیلنجز سے نمٹنا ہے ۔معاہدے پر زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی اور سدرن ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف ایگریکلچر، جمہوریہ ازبکستان کے ڈائریکٹر ڈاکٹر دیور جورایف نے دستخط کیے۔
معاہدے کے تحت فیلڈ فصلوں کے جرم پلازم کا باہمی تبادلہ، گندم سے متعلق مہارت، علم اور جینیاتی مواد کا اشتراک، نیز ہائبرڈ ویٹ بریڈنگ اور اسپیڈ بریڈنگ تکنیکس میں مشترکہ استعداد سازی کے پروگرام شامل ہیں۔زرعی یونیورسٹی فیصل آباد پاکستان کا ایک ممتاز تعلیمی و تحقیقی ادارہ ہے ، جو زرعی اور انسانی علوم کے میدان میں نمایاں خدمات سرانجام دے رہا ہے اور ٹائمز ہائر ایجوکیشن، گرین میٹرک ورلڈ یونیورسٹیز اور ویبومیٹرکس جیسے عالمی درجہ بندی کے نظاموں میں بین الاقوامی شناخت رکھتا ہے ۔