مختلف واقعات میں ماں بیٹی سمیت 5افراد مبینہ طور پر اغواء
تھانہ صدر کے علاقے میں ملزم نے شادی شدہ خاتون کو زیادتی کا بھی نشانہ بنا دیا
فیصل آباد(سٹی رپورٹر)مختلف واقعات میں ماں اور کمسن بیٹی سمیت 5افراد کو مبینہ طور پر اغواء کرلیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ سول لائن کے علاقے میں امیر نامی شہری نے پولیس کو بتایا کہ اس کا بیٹا کام کے سلسلے میں گھر سے باہر نکلا تو مبینہ طور پر اس کو راستے میں نامعلوم افراد نے اغواء کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے ۔علاوہ ازیں تھانہ رضا آباد میں مقدمہ کا اندراج کرواتے ہوئے اشفاق نامی شہری نے پولیس کا بتایا کہ اس کے گھر کے باہر سے ملزموں نے مبینہ طور پر اس کے کمسن بیٹے کو اغواء کرلیا اور نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔
ادھر تھانہ سرگودھا روڈ کے علاقے ملت روڈ پر غلام علی نامی شہری نے پولیس کو بتایا کہ ملزم نے اس کی اہلیہ اور کمسن بیٹی کو مبینہ طور پر اغواء کرلیا اور فرار ہوگیاہے ۔ دوسری طرف تھانہ صدر کے علاقے میں اعجاز نامی شہری نے پولیس کو بتایا کہ ملزم نے اس کی اہلیہ کو مبینہ طور پر اغواء کرلیا اور نامعلوم مقام پر لے جا کر مبینہ زیادتی کا نشانہ بنا دیا ہے ۔پولیس نے مقدمات درج کرکے مغویوں کی تلاش شروع کر دی۔