اسلام آباد خودکش حملہ انتہائی افسوسناک :حافظ ثاقب سرور
اداروں کو سر جوڑ کر اور حکمرانوں کو سنجیدگی سے مسئلے پر غور کرنا ہوگا
جھنگ(ڈسٹرکٹ رپورٹر)مرکزی جمعیت اہلحدیث ضلع جھنگ کے امیر حافظ ثاقب سرور ساقی نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں دہشت گردی کا حالیہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے ۔ اس واقعہ میں بے گناہ افراد کا ناحق قتل اور سینکڑوں افراد کے زخمی ہونے پر ان کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار افسوس کرتے ہیں۔اپنے جاری مذمتی بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی نئی نہیں، کئی دہائیوں سے ملک اس عفریت کا شکار ہے اور پاکستانی عوام کی جان کی حفاظت لازمی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اداروں کو سر جوڑ کر اور حکمرانوں کو سنجیدگی سے مسئلے پر غور کرنا ہوگا تاکہ نوجوان نسل اپنے اصل دشمن کو پہچان سکے اور مثبت انداز میں اپنا کردار ادا کرے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد میں یہ واقعہ پاکستان کی ترقی کی راہیں محدود کرنے کی سازش ہے ۔ جب بھی پاکستان معاشی طور پر مستحکم ہوتا ہے ، ایسے حملے ملک کو بدامنی اور بدحالی کی طرف دھکیل دیتے ہیں، لہٰذا پاکستان کے اداروں کو عوام کو اعتماد میں لے کر دہشت گردی کے خاتمے کیلئے باہمی اتفاق کے ساتھ جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ مرکزی جمعیت اہلحدیث ضلع جھنگ کے کارکنان ملک میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے افواج پاکستان اور دیگر ملکی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔