کمالیہ :بیوٹیفیکیشن مہم تیز، شہر ماڈل سٹی بنانے کیلئے اقدامات شروع

 کمالیہ :بیوٹیفیکیشن مہم تیز، شہر ماڈل سٹی بنانے کیلئے اقدامات شروع

شجرکاری، گرین بیلٹس بحالی، فٹ پاتھ مرمت اور اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب جاری

کمالیہ (نمائندہ خصوصی)چیف میونسپل آفیسر کمالیہ علی رضا نے کہا ہے کہ حکومتِ پنجاب کی خصوصی بیوٹیفیکیشن مہم کے تحت شہر کے مختلف علاقوں کو خوبصورت اور جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا، خوشگوار اور بہتر ماحول فراہم کیا جا سکے ۔انہوں نے بتایا کہ مہم کے تحت شہر کی اہم شاہراہوں، چوکوں، پارکوں اور سرکاری مقامات کی تزئین و آرائش کا کام تیزی سے جاری ہے ۔ سڑکوں کے کناروں پر شجرکاری، گرین بیلٹس کی بحالی، فٹ پاتھوں کی مرمت، اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب اور دیواروں پر خوبصورت پینٹنگز بنائی جا رہی ہیں جس سے شہر کا حسن مزید نکھر رہا ہے۔

علی رضا کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق کمالیہ کو ماڈل شہر بنانے کیلئے میونسپل کمیٹی بھرپور اقدامات کر رہی ہے ۔ صفائی ستھرائی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے جبکہ تجاوزات کے خاتمے کیلئے بھی عملی کارروائیاں جاری ہیں تاکہ شہریوں کو آمدورفت میں آسانی ہو۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ صفائی کا خیال رکھیں اور شہر کی خوبصورتی برقرار رکھنے میں انتظامیہ کا ساتھ دیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جاری منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کرکے کمالیہ کو صاف، سرسبز اور خوبصورت شہر بنایا جائے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں