ٹوبہ ٹیک سنگھ میں میراتھن ریس ، 6206 ایتھلیٹس کی شرکت
ڈپٹی کمشنر عمر عباس کی زیر نگرانی شرکاء کو سکیورٹی اور طبی سہولیات کی فراہمی
ٹو بہ ٹیک سنگھ(ڈسٹرکٹ رپورٹر) ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں میراتھن ریس کا انعقاد، مجموعی طور پر 6206 ایتھلیٹس نے حصہ لیا۔ تفصیلات کے مطابق 5کلومیٹر ریس میں 6ہزار سے زائد ایتھلیٹس نے مختلف کیٹگریز میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔میرا تھن کی نگرانی ڈپٹی کمشنر عمر عباس نے کی جبکہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سکیورٹی، ٹریفک کنٹرول، ریسکیو اور طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔ ریس کے دوران مختلف مقامات پر شہریوں اور کھیلوں سے وابستہ افراد کی بڑی تعداد موجود رہی، جنہوں نے ایتھلیٹس کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔میرا تھن کی اختتامی تقریب ایگریکلچر یونیورسٹی کے سب کیمپس میں منعقد ہوئی، جہاں نمایاں کارکردگی دکھانے والے ایتھلیٹس میں میڈلز، ٹرافیز، کیش پرائز اور دیگر انعامات تقسیم کئے گئے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عمر عباس نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ اس میرا تھن کا بنیادی مقصد نوجوانوں میں کھیلوں کے فروغ کے ساتھ ساتھ عوام میں صحت مند، متحرک اور مثبت طرزِ زندگی کے شعور کو اجاگر کرنا ہے ،شہریوں کی بھرپور شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام کھیلوں اور صحت سے متعلق سرگرمیوں کو خوش آئند سمجھتی ہے اور مستقبل میں بھی ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ایسے مزید بڑے اور مثبت ایونٹس کا انعقاد کیا جاتا رہے گا۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر وقار اکبر چیمہ، ذیشان لبھا مسیح، اسسٹنٹ کمشنر منور حسین ، چیف آفیسر ضلع کونسل کاشف محمود، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر محمد جمیل سمیت مختلف محکموں کے سربراہان اور افسران بھی موجود تھے ۔